بنوں ،پولیو ٹیم پر حملہ2اہلکار شہید، راولپنڈی،فائرنگ سے JUI امیدوارزخمی

بنوں،راولپنڈی،باجوڑ،مردان:(بیورورپورٹ)بنوں میں بھی پولیو ٹیم پر حملہ، اے ایس آئی سمیت 2اہلکار شہید ہوگئے،پولیو ٹیم میریان کے علاقے میں بچوں کو قطرے پلارہی تھی،ٹیم جیسے ہی ٹیری رام کے قریب پہنچی تو 2 دہشتگردوں نے فائرنگ کردی ۔

اے ایس آئی سمیت2اہلکار زخمی ہوگئے،ہسپتال منتقل کیا گیامگر دوران علاج چل بسے،جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور زخمی ہو کرقریبی علاقے میں روپوش ہوگیا ،سکیورٹی اداروں نے تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ادھر راولپنڈی میں جمعیت علما اسلام (ف)کے امیدوار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا،تھانہ نصیرآباد کی حدود میں جے یو آئی (ف)کے امیدوار مولانا ریحان پر فائرنگ کی گئی،زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

دریں اثنا باجوڑ کی تحصیل ماموند میں گزشتہ روز ہونےوالے دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، ایس ایچ او کی مدعیت میں درج مقدمے میں 7اے ٹی اے قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں شہید ہونےوالے حوالدار ظاہر کو پورے فوجی اعزاز کےساتھ سپرد خاک کردیا گیا،نماز جنازہ آبائی گاوں مردان میں ادا کی گئی،سینئر حاضر سروس فوجی افسروں، شہید کے لواحقین، اہل علاقہ نے شرکت کی۔