اسلام آباد:(بیورورپورٹ)لاپتہ افراد میں کے پی سرفہرست،4کمیشن اراکین کی ماہانہ تنخواہ30لاکھ،اٹارنی جنرل نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
رپورٹ میں کہاگیا شہریوں کے لاپتہ ہونے کے سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے، صوبے سے 3485شہریوں کے لاپتہ ہونے کی وجہ شرپسندی، حالت جنگ اور ڈرون حملوں میں ہلاکتیں ہیں،بلوچستان سے 2752شہریوں کی جبری گمشدگی کے کیسز موصول ہوئے ،لاپتہ افراد کو پیش کرنے کےلئے 744پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ،صرف 52پر عمل ہوا ،پروڈکشن آرڈرز پر نظرثانی کےلئے پولیس ،حساس اداروں نے 182درخواستیں دیں، عملدرآمد نہ ہونے والے پروڈکشن آرڈرز میں سے 503خیبرپختونخوا کے ہیں۔
جمع کرائی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیامارچ 2011سے دسمبر 2023تک 4ہزار 413لاپتہ افراد گھروں کو واپس پہنچے ، 994مختلف حراستی مراکز ،644ملک کی مختلف جیلوں میں قید ہیں،مارچ2011سے دسمبر 2023تک 261لاپتہ افراد کی لاشیں ملیں،کمیشن نے 1477کیسز کو جبری گمشدگی قرار نہ دیتے ہوئے خارج کر دیا،خارج کیے گئے کیسز اغواءبرائے تاوان، ذاتی عناد یا ازخود روپوش ہونے کے تھے۔
رپورٹ کے مطابق لاپتہ افراد کمیشن میں مجموعی طور پر 35افسروں و ملازمین تعینات ہیں جن کی ماہانہ تنخواہیں 15لاکھ سے زائد ہیں،کمیشن سربراہ جسٹس (ر)جاوید اقبال 6لاکھ 74ہزار ،ممبر ضیا پرویز 8لاکھ 29ہزار ،جسٹس(ر)امان خان 11لاکھ 39ہزار اور شریف ورک 2لاکھ 63ہزار ماہانہ وصول کرتے ہیں۔
لاپتہ افراد میں کے پی سرفہرست،4کمیشن اراکین کی ماہانہ تنخواہ30لاکھ،رپورٹ جمع
















