جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کے واقعات میں اضافہ

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) سائنس کی ترقی کے ساتھ جہاں انسان کو زندگی میں بہت سی آسانیاں و سہولیات میسر ہوئی ہیں وہیں پر بہت سی دشواریوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ نوسر بازوں کی جانب سے سادہ لوح شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انکی جمع پونجی سے محروم کر نے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے سائبر فراڈ کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں،فراڈیوں کی جانب سے شہریوں کو جب کالز وصول ہوتی ہیں تو فراڈئیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے موبائل ماسکنگ نامی ایپ کے زریعے کال کرتے ہیں جو کہ شہریوں کی موبائل سکرین پہ کسی سرکاری ادارے کی نظر آتی ہیں جس کی وجہ سے سادہ لوح شہری باآسانی ٹریپ ہو کہ اپنا پن کوڈ فراڈیوں کو بتا کر اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوجاتے ہیں۔موبائل ماسکنگ ایک جدید ایپ ہے جو 15 سے 20 ڈالر میں بیرون ممالک سے آن لائن مل جاتی ہے۔موبائل ماسکنگ سے نمبر کوئی بھی ہو مگر کال وصول کرنے والے کی موبائل سکرین پر ایف بی آر، سٹیٹ بینک یا کسی بینک یا ادارے کے نام آتے ہیں۔ شہری جب کال وصول کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ فلاں ادارے سے بول رہے ہیں، آپ کے اکاونٹس میں مشکوک ٹرانزیکشن کی گئی ہے۔کال کرنے والا اتنی مہارت کے ساتھ بات کرتا ہے کہ شک ہی نہیں ہونے دیتا۔پہلی ٹرانزیکشن سے لیکر آخری ٹرانزیکشن،تاریخ پیدائش،میٹرک کس سال پاس کیا،بینک اکاونٹ کس تاریخ کو کھلوایا، سب کچھ پوچھ لیا جاتا ہے،جس کی وجہ ڈاکٹر وکیل ٹیچرز بزنس مین تک اپنے بینک کی معلومات فراہم کر دیتے ہیں اورچند منٹوں میں ان کے اکاونٹس سے لاکھوں روپے منتقل ہو جاتے ہیں اور اپنی زندگی بھر کی کماءسے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں بہت سے شہری اس صدمے کو برداشت نہ کرسکنے پر ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور کچھ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہو کہ زندگی بھر کا روگ لگا بیٹھتے ہیں۔ شہریوں و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب آئی جی پنجاب اور ڈی جی ایف آءاے سے ان فراڈیوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔