الیکشن کمیشن مقدمات بھگتے یا انتخابات کرائے؟ ،چیف جسٹس”بلا“واپسی کیس سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میںپی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر جواب جمع کرانے کا حکم ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کیالگتا ہے آپ انتخابات کا التوا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کیا چاہتی ہے 100 فیصد کاغذات نامزدگی منظور ہو جائیں؟ جو چاہتے ہیں وہ بتا دیں، قانون کی عدالت ہے، زبانی تقریر سے نہیں چل سکتی،عدالت کے سامنے دکھڑے نہ روئیں اگر آپ کو پاکستان کے کسی ادارے پر اعتبار نہیں تو کیا کریں؟ عدالت کوئی سیاسی فورم نہیں،ریٹرننگ افسروں کو نہیں کہہ سکتے کسی کے کاغذات نامزدگی مسترد نہ کریں، الیکشن کمیشن مقدمات بھگتے یا انتخابات کرائے؟۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لطیف کھوسہ سے سوال کیا آپ نے درخواست کے جواب میں آئی رپورٹ پڑھی؟ کوئی تقریر نہیں صرف بتائیں رپورٹ میں کیا غلط ہے؟جسٹس علی مظہرنے کہا رپورٹ کے مطابق آپ کے 1195 لوگوں نے کاغذات جمع کرائے، ہمارے سامنے چیف سیکرٹری ،الیکشن کمیشن کی رپورٹس ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ رپورٹس کو جھٹلا رہے ہیں تو جواب میں تحریری طور پر کچھ لانا ہو گا، کھوسہ صاحب! آپ یہاں کھڑے ہو کررپورٹ کو مسترد نہیں کر سکتے،پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا پی ٹی آئی کے کسی فرنٹ لائن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور نہیں ہوئے۔

جسٹس میاں علی مظہر نے کہا آپ اپنے جواب میں خود کہہ رہے ہیں ٹریبونلز نے آپ کو ریلیف دیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا پی ٹی آئی کیا چاہتی ہے 100 فیصد کاغذات نامزدگی منظور ہو جائیں؟ ،ریٹرننگ افسروں کو نہیں کہہ سکتے کسی کے کاغذات نامزدگی مسترد نہ کریں،جسٹس میاں علی مظہر نے سوال کیا پی ٹی آئی کا اپنا الیکشن سیل ہے تو آپ کے پاس اعداد و شمار کیوں نہیں؟جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا آپ کیا حکم چاہتے ہیں؟ عدالت کو بتائیں تا کہ کر دیں،پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کی لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لطیف کھوسہ سے کہا عدالت کے سامنے دکھڑے نہ روئیں اگر آپ کو پاکستان کے کسی ادارے پر اعتبار نہیں تو کیا کریں؟ کوئی سیاسی فورم نہیں ،کھوسہ صاحب! اور بہت سے سیاسی فورم ہیں انہیں استعمال کریں،جسٹس علی مظہر نے کہا الیکشن کمیشن کی رپورٹ ہے پی ٹی آئی کے 76 فیصد سے زائد کاغذات منظور ہوئے، رپورٹ کے مطابق تو زیادہ تر کاغذات نامزدگی منظور ہی ہوئے ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ سے سوال کیاکیا پی ٹی آئی کو الیکشن چاہئیں؟لطیف کھوسہ نے جواب دیا 100 فیصد الیکشن چاہئیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کرانا ہے، آپ کے بنائے ہوئے ادارے ہی ہیں، پارلیمان نے ہی بنائے ہیں یہ ادارے، اداروں کی قدر کریں اگر ان کی جانب سے بیان کیے گئے حقائق غلط ہیں تو تردید کریں، آپ کے الزامات پر تردیدی جواب آ جاتا ہے تو آپ کہتے ہیں درست نہیں۔

لطیف کھوسہ نے کہا دفعہ 144 لگا کر پی ٹی آئی کےخلاف کارروائی ہو رہی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا حکومت نہیں سپریم کورٹ ہیں، کسی کی مہم نہیں چلا رہے، دفعہ 144 اور ایم پی او سب کےلئے ہو گا صرف پی ٹی آئی کےلئے نہیں، عدالت کے سامنے دفعہ 144 نہ ہی ایم پی او کو چیلنج کیا گیا،وکیل لطیف کھوسہ نے کہا باقی کوئی سیاسی جماعت عوام میں جانا ہی نہیں چاہتی،ابھی تک جلسہ کرنے کی اجازت نہیں مل رہی ، شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوئے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آر اوز کو نہیں کہہ سکتے کسی کے کاغذات مسترد نہ کریں، الیکشن کمیشن کا ایم پی اوز سے کیا تعلق ہے؟ الیکشن کمیشن مقدمات بھگتے یا انتخابات کرائے؟وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جو ڈی سی ہیں وہی ایم پی او جاری کر رہے ہیں، روزانہ خلاف آرڈرز ہو رہے ہیں، کیا انتخابات نہ لڑیں صرف مقدمے بھگتیں؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ عدالت سے سوالات نہ کریں،لطیف کھوسہ نے کہا تحریک انصاف کے علاوہ کسی اور جماعت کے رہنما پر ایم پی او نہیں لگا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت سب جماعتیں آپ کے خلاف سازش کر رہی ہیں،لطیف کھوسہ نے کہا پی ڈی ایم کی پوری حکومت پی ٹی آئی کےخلاف تھی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اب تو پی ڈی ایم کی حکومت ہی نہیں ،وکیل لطیف کھوسہ نے کہا بلے کے نشان کی واپسی کےلئے درخواست مقرر ہی نہیں ہوئی، میرے منشی سے سپریم کورٹ میں دستاویزات چھینی گئیں، واقعہ کا آپ کو بھی علم ہے؟جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جواب دیامجھے واقعہ کا کوئی علم نہیں ، منشی کیا ہوتا ہے؟ وکیل یا ایڈووکیٹ آن ریکارڈ ہوتا ہے، منشی کو تو چیمبرز جانے کی اجازت ہی نہیں ، آپ کے کسی منشی کی درخواست میں نہیں سنوں گا،لطیف کھوسہ نے کہا جسٹس سردار طارق کے سامنے بھی منشی والا معاملہ اٹھایا تھا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کاغذ چھیننے کا کیا معاملہ ہے؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جو ججز یہاں موجود نہیں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں سنیں گے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے عدالت کا نہیں، کسی سے کاغذات چھینے جا رہے یا جو بھی ہو رہا ہے وہ الیکشن کمیشن نے دیکھنا ہے، واضح کیا تھا انتخابات کی تاریخ دینا صدر اور الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پرمعاملات عدالت کیوں سنے؟ عدالت کے سامنے کچھ دائر ہو گا تو دیکھیں گے، کوئی درخواست آئے گی، شکایت آئے گی تو سنیں گے۔

لطیف کھوسہ نے کہا پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا پلان ہے، بانی پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کر دی گئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا سیاسی باتیں نہ کریں، ہمارے سامنے اس وقت بانی پی ٹی آئی کی کوئی درخواست نہیں، آپ کس جماعت کے امیدوار ہیں؟پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیاپی ٹی آئی کا امیدوار ہوں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کیا آپ نے پیپلز پارٹی چھوڑ دی ؟پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیاجی پیپلز پارٹی چھوڑے کافی دیر ہو گئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ کے بار بار بولنے پر اظہار برہمی کیا اورکہا آپ سوال ہی نہیں کرنے دے رہے، پوچھنے سے روک دیتے ہیں، اس طرح کریں عدالتی حکم بھی آپ خود ہی لکھوا لیں۔

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کےخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی اور پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر جواب جمع کرانے کا حکم دےدیا،لطیف کھوسہ نے کہا الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے ہمارے ساتھ کچھ ہوا ہی نہیں، مجھے 3 دن کا وقت دیں، میں جواب دوں گا، دوران سماعت سپریم کورٹ نے بلے کے نشان کیس میں وکیل حامد خان کو بلا لیا،پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے درخواست کی استدعا ہے پیر کو ہی کیس سماعت کےلئے مقرر کر کے سنا جائے، منگل کوپشاور ہائیکورٹ میں بلے کے نشان پرسماعت ہے ، کسی بھی وقت کیس کی سماعت کر لیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسارکیا حامد خان کہاں ہیں؟ بلائیں اگر آپ اٹھ کر کمرہ عدالت آنے کی زحمت نہیں کریں گے تو ہم کیا کریں؟ سب سے زیادہ درخواستیں پی ٹی آئی کی آ رہی ہیں اور سنی بھی جا رہی ہیں، کیس بھی لگوانا ہے اور اٹھ کر عدالت بھی نہیں آنا،پی ٹی آئی وکیل حامد خان کمرہ عدالت پہنچے اور روسٹرم پر آئے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حامد خان سے سوال کیا کیا آپ کی درخواست مقرر کر دیں؟وکیل حامد خان نے استدعا کی فوری سماعت کےلئے مقرر کر دیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا 9 ممبر اورخصوصی بنچ بھی ہے،حامد خان نے استدعا کی ترجیح فوری ہے، نہیں تو پھر کیس پرسوں لگا دیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا آپ فیصلے کےخلاف آئے یا 184/3 کی درخواست ہے؟پی ٹی آئی وکیل حامد خان نے جواب دیا پشاور ہائی کورٹ کے حکم کےخلاف 185/3 میں سپریم کورٹ آئے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا بس پھر معاملہ ججز کمیٹی کے پاس نہیں جانا تو پرسوں کیس مقرر ہو گیا،سپریم کورٹ نے بلا نشان کیس 10 جنوری کو سماعت کےلئے مقرر کر دیا۔