بھٹو کی سزائے موت میں عدلیہ قصور وار ہے یا مارشل لاءایڈمنسٹریٹر؟،چیف جسٹس

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)بھٹو کی سزائے موت کےخلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیافیصلے میں سپریم کورٹ قصور وار ہے یا مارشل لا ایڈمنسٹریٹر؟ ۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہمشیرہ آصفہ کے ہمراہ سپریم کورٹ پہنچے،سماعت شروع ہوئی تو پیپلز پارٹی کے رہنما، سینیٹر و وکیل رضا ربانی روسٹرم پر آ ئے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کیا آپ عدالتی معاون ہیں؟رضا ربانی نے جواب دیا عدالتی معاون نہیں، صنم بھٹو، بختاور اور آصفہ کا وکیل ہوں، کیس میں فریق بننے کی درخواست جمع کرائی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ٹھیک ہو گیا، درخواست کو دیکھتے ہیں، عدالتی معاونین کو پہلے سننا چاہیے کیونکہ پچھلے حکم نامے میں سوالات کیے تھے،وکیل مخدوم علی خان نے کہا صدارتی ریفرنس ہے تو بہتر ہوتا اگر اٹارنی جنرل کو پہلے سن لیتے کیس میں حکومت کہاں کھڑی ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اٹارنی جنرل کو ریفرنس واپس لینے کی ہدایات نہیں تو موقف آ چکا۔

عدالت کی جانب سے مقرر معاون زاہد ابراہیم نے معاونت سے معذرت کر لی اور کہاذوالفقار بھٹو کے پوتے ذوالفقار بھٹو جونیئر اور فاطمہ بھٹو نے مجھے وکیل کیا ہے،عدالتی معاون صلاح الدین احمد روسٹرم پر آئے اور کہامیری اہلیہ نواب احمد قصوری کی نواسی ہیں، عدالت فریقین سے پوچھ لے میری معاونت پر کوئی اعتراض تو نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اہلیہ نے اعتراض اٹھایا ہے تو پھر بڑا سنجیدہ معاملہ ہے،وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ذوالفقار بھٹو کے ورثا کو بیرسٹر صلاح الدین پر اعتراض نہیں،عدالتی معاون خواجہ حارث نے کہا بھٹو کیس میں میرے والد ڈی جی ایف ایس ایف مسعود محمود کے وکیل تھے اگر مجھ پر بھی کسی کو اعتراض ہو تو بتا دیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ پر کسی فریق کو اعتراض نہیں، آپ فیئر ہیں یقین سب کو ہے،مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا صدارتی ریفرنس میں 4 سوالات پوچھے گئے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہدایت کی سب سے پہلے آئین کا آرٹیکل 186 پڑھیں جس کے تحت ریفرنس بھیجا گیا، کیا ہمارے پاس صدارتی ریفرنس کو نہ سننے کا آپشن ہے؟۔

عدالتی معاون مخدوم علی خان نے کہا آئینی طور پر تو عدالت کے پاس ریفرنس پر رائے دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں مگر ریفرنس میں پوچھا گیا سوال مبہم ہو تو عدالت کے پاس دوسرا آپشن ہو گا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عدالت کی رائے ہو سوال مبہم ہے تو بھی عدالت کے پاس آپشن رائے دینا ہی ہو گا،مخدوم علی خان نے کہا عدالت کے سامنے منفرد کیس ہے، چیف جسٹس نے اسی کیس میں انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ بھی طلب کر رکھا ہے۔

جسٹس علی مظہر نے کہا بنیادی طور پر ریفرنس کی بنیاد سابق جج نسیم حسن شاہ کا انٹرویو ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے احمد رضا قصوری کو بات کرنے سے روک دیا اور کہا آپ اپنی نشست پر بیٹھ جائیں، پہلے عدالتی معاون کو بات مکمل کرنے دیں، آپ کو کسی بات پر اعتراض ہے تو لکھ لیں،جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا سامنے قانونی سوال کیا ہے؟ کیا ایک انٹرویو کی بنیاد پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لےکر رائے دیں؟ کیا عدالت انٹرویو کی بنیاد پر انکوائری کرے؟ انٹرویو ایک جج کا تھا جبکہ بنچ میں دیگر ججز بھی تھے، کیا انٹرویو سے متعلقہ لوگوں کو بلا کر انکوائری شروع کریں؟ صرف ایک انٹرویو کی ویڈیو دیکھ کر تو نہیں کہہ سکتے یہ ہوا تھا، آرٹیکل 186 کے تحت عدالت صرف قانونی سوالات پر رائے دے سکتی ہے،جسٹس علی مظہر نے سوال کیا یہ بھی بتا دیں بھٹو ریفرنس میں کیا قانونی سوال پوچھا گیا؟۔

مخدوم علی خان نے سید شریف الدین پیرزادہ کا خط پڑھ کر سنایا اور کہا ذوالفقار بھٹو کی بہن نے صدر مملکت کے سامنے رحم کی اپیل دائر کی تھی، بھٹو نے بذات خود کوئی رحم کی اپیل دائر نہیں کی تھی، عدالت کے سامنے سوال ذوالفقار بھٹو کی پھانسی پر عمل درآمد کا نہیں ، بد قسمتی سے پھانسی واپس نہیں ہو سکتی، عدالت کے سامنے معاملہ ایک دھبے کا ہے، ذوالفقار بھٹو کو 4-3کے تناسب سے پھانسی کی سزا دی گئی، بعد میں جج نے انٹرویو میں کہا دباﺅ میں فیصلہ دیا،جسٹس علی مظہر نے سوال کیا کیس میں عدالت نے کوئی فیصلہ کیا تو کیا اپنے ہر فیصلے پر یہی کرنا ہو گا؟سپریم کورٹ نے جسٹس (ر) نسیم حسن شاہ کا نجی ٹی وی کو دیا گیا انٹرویو کمرہ عدالت میں چلا دیا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاقانونی سوال جو میں سمجھا ہوں ذوالفقار بھٹو کیس کا فیصلہ غلط تھا، کیس میں صرف ایک جج کا انٹرویو آیا دیگر ججز بھی خاموش رہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہر فوجداری کیس میں جہاں سیاست و انصاف نہ ہو تو عدالت کو دوبارہ سننا چاہیے۔

چیف جسٹس نے مخدوم علی خان سے کہا آپ نے کہا منفرد کیس ہے، باقی کیسز سے الگ عدالت اسے دیکھے، آپ نے کہا اس وقت مارشل لا تھا تو ایک سابق وزیراعظم کو پھانسی لگا دی گئی، آپ محنت کریں اور بتائیں عدالت باقی کیسز کو دوبارہ کیوں نہیں کھول سکتی؟ صدر مملکت بھی باقی کیسز کے ریفرنس بھیجیں، کیس میں جج کا انٹرویو ہے، باقی کیسز میں کچھ اور موجود ہو گا،مخدوم علی خان نے کہا فوجداری کیسز میں جہاں سیاست شامل ہو انصاف نہ ہو انہیں درست ہونا چاہیے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ذوالفقار بھٹو کیس میں نظر ثانی کا دائرہ اختیار استعمال ہو چکا، اب کیا طریقہ کار بچا ہے عدالت کا دائرہ اختیار ہو؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا عدالت اس وقت ایک شخص کی عزت و تاریخ کی درستگی دیکھ رہی ہے، عدالت بہتر مثال قائم کرنا چاہتی ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا واحد نکتہ یہی ہے تب وقت عدلیہ آزاد نہیں تھی، کیسے مشق میں پڑیں بنچ آزاد نہیں تھا؟جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا جج کے انٹرویو سے پوری عدالت کا تاثر نہیں دیا جا سکتا تب عدلیہ آزاد نہیں تھی، دوسرے ججز بھی تھے جنہوں نے اپنے نوٹس لکھے ،اختلاف کیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیس میں ایک جج کی رائے کو نظر انداز نہیں کر سکتے، بھٹو کیس میں بنچ کا تناسب ایسا تھا ایک جج کی رائے بھی اہم ہے، ایک جج کے اکثریتی ووٹ کے تناسب سے ایک شخص کو پھانسی دی گئی،چیف جسٹس نے سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ کے انٹرویو کی کاپیاں بنانے اور کاپی پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو دینے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جسٹس نسیم حسن شاہ کا پورا انٹرویو نہیں سن سکتے متعلقہ پارٹ لگا دیں،فاروق ایچ نائیک نے کہا میں نے جو سی ڈی دی اس میں صرف وہی حصہ ہے جو ذوالفقار بھٹو سے متعلق ہے،عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی جانب سے جمع کرائی گئی سی ڈی لگانے کی ہدایت کی،احمد رضا قصوری نے کہا جسٹس نسیم حسن شاہ نے اپنی کتاب میں سارا واقعہ لکھا ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے احمد رضا قصوری سے کہا آپ متعلقہ حصہ ڈھونڈ لیں، عدالتی وقت ضائع نہ کریں،احمد رضا قصوری نے کہا کتاب میں جو لکھا گیا اگر ان پر دباﺅ تھا تو استعفیٰ دے دیتے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ ہمیں نہ سمجھائیں جو پڑھنا ہے پڑھ لیں، جج صاحب سے انٹرویو کب لیا گیا؟ نوٹ کر لیں3 دسمبر 2003کو انٹرویو چلایا گیا۔

احمد رضا قصوری نے استدعا کی مجھے بلاول بھٹو کی اضافی دستاویزات کی کاپی دی جائے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جواب دیا آپ کو عدالتی عملہ کاپی دیدے گا،ریفرنس سن رہے ہیں، آپ کا کیس نہیں، آپ مہربانی فرما کر بیٹھ جائیں،جسٹس نسیم حسن شاہ کا نجی ٹی وی کودیا گیا انٹرویو دوبارہ چلایا گیا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا انٹرویو میں تو مکمل بات ہی نہیں،فاروق ایچ نائیک نے کہا یو ٹیوب سے اصل پروگرام ہٹا دیا گیا آپ ایسا کریں نجی ٹی وی والا ڈیٹا کاپی کرا لیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فاروق ایچ نائیک کو ہدایت کی آپ سارے انٹرویو کو دیکھ کر متعلقہ حصہ دے دیں، ابھی عدالتی معاون مخدوم علی خان کو سن لیتے ہیں،مخدوم علی خان نے کہا یہ فیصلہ انصاف سے زیادتی ہے ۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیا سپریم کورٹ قصوروار ہے؟ یا پھر پراسیکیوشن یا تب کامارشل لا ایڈمنسٹریٹر ؟مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا سمیع بلوچ کیس میں تاحیات نااہلی کا فیصلہ لکھا گیا، سمیع بلوچ کیس کا فیصلہ لکھنے والے جج اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹتے گئے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا سمیع بلوچ کیس کے فیصلے کا ریفرنس سے کیا تعلق ہے؟۔

مخدوم علی خان نے جواب دیا تعلق ہے فیصلہ غلط ہو تو ججز اپنے طے کردہ اصول سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں اگر عدالت سمجھتی ہے بھٹو کیس میں انصاف کا قتل ہوا ہے تو ازسرِنو جائزہ لیا جائے، عدالت کی ساکھ بہتر ہو گی،جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا اگر عدالت ایسا کرتی ہے تو پھر فیصلوں کی حتمی شکل کیا ہو گی؟ اگر آج صدراتی ریفرنس پر از سر نو جائزہ لیا تو کل کو کوئی صدر بھی ریفرنس بھیج دےگا، اصول طے ہو گیا تو فیصلوں کی آئینی حیثیت کیا رہ جائے گی؟مخدوم علی خان نے کہا بھٹو کیس میں مخصوص بنچ نے مخصوص طریقے سے جلد بازی میں فیصلہ کیا، مخصوص بنچ کی جلد بازی سے انصاف کا قتل ہوا،چیف جسٹس نے کہا مخدوم علی خان صاحب! آئین کا آرٹیکل 189 پڑھیں، کل کوئی سیشن جج ذوالفقار بھٹو کیس کے فیصلے کے تحت ٹرائل کر دے پھر کیا ہو گا؟ آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت ماتحت عدلیہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی پابند ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا تاریخ درست کرنے کی ضرورت ہے،سیاہ داغ صرف ایک خاندان نہیں کچھ اداروں پر بھی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخدوم علی خان کو ہدایت کی آپ تحریری معروضات بھی جمع کرا دیں،کیس کو انتخابات کے بعد نہ رکھ لیں؟۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا مجھے ہدایات ہیں کیس کو جلد سنا جائے،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا 2 الیکشن تو پہلے ہی گزر چکے ہیں،وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی عدالت پہلے معاونین کو سن لے، اٹارنی جنرل، مجھے اور رضا ربانی صاحب کو بعد میں سنا جائے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکم نامے میں کہا عدالتی معاونین سمیت تمام فریقین کے وکلا کو سنیں گے، رضا ربانی، صنم بھٹو، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری کی نمائندگی کریں گے، خواجہ حارث کے والد وعدہ معاف گواہ مسعود محمود کے وکیل تھے،رضا ربانی نے خواجہ حارث کے عدالتی معاون ہونے پر اعتراض اٹھا دیا جس پر خواجہ حارث نے خود کو بطور عدالتی معاون مقدمے سے الگ کر لیا،سپریم کورٹ نے قرار دیا فاطمہ ،ذوالفقار بھٹو جونیئر کی نمائندگی زاہد ابراہیم کر رہے ہیں، آئندہ سماعت کی تاریخ بعد میں بتائی جائے گی، انتخابات قریب ہیں، اہم مقدمات آنے کی وجہ سے کیس جلد نہیں سن سکتے،سپریم کورٹ ذوالفقار بھٹو کی سزائے موت کےخلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت انتخابات کے بعد فروری کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی ۔