باجوڑ:پولیس ٹرک پر بم حملہ،5اہلکار شہید،27زخمی، پولیو مہم معطل

باجوڑ ،اسلام آباد،راولپنڈی،پشاور: (بیورورپورٹ)باجوڑ میں پولیس ٹرک پر حملہ،5اہلکار شہید،27 زخمی،پولیو مہم معطل،راولپنڈی،پشاور میں فائرنگ،بچی سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے۔

تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی کیلئے جانےوالے پولیس ٹرک پر بم حملہ کیا گیا،5اہلکار جاں بحق،27زخمی ہوگئے،دھماکے سے ٹرک مکمل تباہ ہو گیا،لاشوں ،زخمیوں کو خار ہسپتال منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کاخدشہ ہے،پولیس ،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیا،دھماکے کے بعد ٹانک ،ڈی آئی خان میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر پولیو مہم عارضی طور پر ملتوی کردی گئی۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پوری قوم سکیورٹی اہلکاروں ، پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتی ہے، دہشتگرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے،انوار الحق کاکڑ نے کہا ملک سے وائرس کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رہے گی ، عوام کسی بھی منفی پروپیگنڈے کے دھوکے میں نہ آئیں۔

دوسری جانب راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کے علاقے میںفائرنگ سے 3 افراد چل بسے،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کمسن بچی بھی شامل ہے،2زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،فائرنگ کا واقعہ سابقہ دشمنی کی وجہ سے پیش آیا۔

ادھر تھا نہ ریس کورس کے علاقے رینج روڈ پر پولیس وردیوں میں ملبوس ڈاکوﺅں نے برطانیہ پلٹ اوورسیز پاکستانی کو قتل کردیااور قیمتی اشیا سے بھرا ہینڈ کیری بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے۔

دریں اثنا پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،3 افراد زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص وکیل کے مخصوص لباس، کالے کوٹ پینٹ میں سیشن کورٹ آیا ،زخمیوں میں پولیس اہل کار بھی شامل ہے ،ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ پرخیبرپختونخوا بار کونسل نے ہڑتال کا اعلان کر دیا،بار کونسل کے مطابق پشاور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ و ملحقہ اضلاع میں عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ ہو گا، پشاور سمیت 11 اضلاع میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے،عدالتوں کے سامنے فائرنگ افسوسناک ، ملزم کا اسلحہ سمیت اندر آنا قابل مذمت ہے، حکومت عدالتوں کو فول پروف و موثرسکیورٹی فراہم کرے اگر سکیورٹی فراہم نہ گئی تو ہڑتال میں توسیع کریں گے۔

علاوہ ازیں تھانہ فقیر آباد کی حدود اقبال پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 4 خواجہ سرا زخمی ہوگئے،ایس پی نے دیگر افسروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، پولیس نے مختلف پہلووں پر تفتیش شروع کردی ۔