معیاری تعلیم سے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے: پرویز اشرف

گوجر خان (مشرق نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہمارے ہونہار طلباءوطالبات ہیں، گوجر خان کے ہونہار طلباءوطالبات نے سر فخر سے بلند کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کالج گوجر خان کے پہلے کانوکیشن میں بطور مہمان خصوصی کانوکیشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ میرے لئے اس خوبصورت تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے۔انہوںنے کہاکہ ہونہار طلباءو طالبات کا زیور تعلیم سے آراستہ ہونا خوشی کی بات ہے،طلباءوطالبات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباءوطالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ تعلیم انسان کی زندگی کو نکھارتی ہے،تعلیم انسان کو شعور اور آگاہی فراہم کرتی ہے،مجھے بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ ہوتے ہوئے دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے۔کثیر تعداد میں طالبات کا ڈگریاں حاصل کرنا خوش آئند ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے معیاری تعلیم کا فروغ ضروری ہے۔گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباءوطالبات نا صرف گوجر خان بلکہ پورے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب کالج گوجر خان نے بہت کم وقت میں اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ گوجر خان کے ہونہار طلباءوطالبات کا نمایاں پوزیشنز حاصل کرنا میرے لئے باعث مسرت ہے۔گوجر خان کے ہونہار طلباءوطالبات نے گوجر خان کا نام فخر سے بلند کیا ہے،انہوں نے کہا کہ نیک نیتی اور مصمم ارادے سے آپ کامیابی کی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے قابل طلباءو طالبات کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ملک خداداد کو چیلنجز سے نکالنے کیلئے ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب کالج گوجر خان کے پہلے کانوکیشن میں گریجویشن میں مختلف شعبوں میں ڈگری حاصل کرنیوالے طلباءوطالبات کی ڈگریوں کو کنفرم کیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباءوطالبات میں اسناد تقسیم کئے اور انعامات سے نوازا۔