کیا پی ٹی آئی چاہتی ہے 100فیصد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کریں؟ چیف جسٹس

اسلام آباد (مشرق نیوز) لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے کہ کیا آپ چاہتے ہیں ہم یہ کہہ دیں تحریک انصاف کے امیدواروں کے 100 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کریں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس پر سماعت کی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب کی رپورٹس پر پی ٹی آئی سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ا?ئندہ پیر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب چاہیں تو جواب جمع کرا سکتے ہیں۔

دوران سماعت، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہمیں بتائیں رپورٹ میں غلط ہے؟ چیف سیکرٹری پنجاب کے تحریری جوابات میں اگر کوئی غلط بیانی کی گئی ہے تو ہمیں تحریری طور پر بتائیں، زبانی بات نہ کریں۔ جملے بازی نہ کریں، بتائیں آپ کیلئے کیا آرڈر جاری کریں، اگر ملک کے کسی ادارے پر اعتماد نہیں ہے تو بتائیں ہم حکم دے دیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اپنے دکھڑے نہ سنائیں، جس پر وکیل پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے کہا کہ ساری دنیا کو علم ہے ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم عدالتی کارروائی کو لائیو دکھا کر دنیا کو خود دکھا رہے ہیں۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے لیکن دفعہ 144نافذ کی گئی ہے جبکہ ان کے امیدواروں کیلئے ایسا نہیں ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ان کے امیدواروں سے آپ کی کیا مراد ہے، دفعہ 144صرف ایک جماعت کیلئے نہیں ہے بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے ہے۔ کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے خلاف سازش کر رہی ہیں۔

وکیل پی ٹی آئی حامد خان نے کہا کہ انتخابی نشان کیس پرسوں سماعت کیلئے مقرر کریں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے ہم پرسوں سماعت کیلئے مقرر کر رہے ہیں، سب سے زیادہ درخواستیں پی ٹی آئی کی آ رہی ہیں اور سنی بھی جا رہی ہیں، کیس بھی لگوانا ہے اور اٹھ کر عدالت بھی نہیں آنا۔

چیف جسٹس نے واضح کیا کہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ہمارا نہیں، کسی سے کاغذات چھینے جا رہے یا جو بھی ہو رہا وہ الیکشن کمیشن نے دیکھنا ہے، ہم نے واضح کیا تھا کہ انتخابات کی تاریخ صدر اور الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق معاملات عدالت کیوں سنے، ہمارے سامنے کچھ دائر ہوگا تو ہم اسے دیکھیں گے، کوئی درخواست آئیگی یا شکایت آئیگی تو ہم سنیں گے۔