اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے ”بلے“ کے نشان کیلئے دائر درخواست 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران پی ٹی پئی رہنما حامد خان کو عدالت نے طلب کیا جس پر وہ روسٹرم پر آگئے۔
چیف جسٹس نے حامد خان سے پوچھا کہ کیا آپ کی درخواست کل مقرر کردیں؟ اس پر حامد خان نے استدعا کی کہ آج ہی سماعت کیلئے مقرر کردیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آج 9 ممبربنچ بھی ہے اور ایک خصوصی بنچ بھی ہے، حامد خان نے کہا کہ ہماری ترجیح آج ہے، نہیں تو پھر پرسوں لگا دیں۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ فیصلے کیخلاف آئے ہیں یا 184/3 کی درخواست ہے؟ حامد خان نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف 185/3 میں سپریم کورٹ آئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بس پھرمعاملہ ججزکمیٹی کے پاس نہیں جانا تو پرسوں کیلئے کیس مقرر کردیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے بلے کے نشان کے کیس کو 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔
سپریم کورٹ، پی ٹی آئی ”بلے“ کے نشان کی بحالی سے متعلق کیس 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر
















