اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر کہدا بابر نے کہا ہے کیا کسی منتخب رکن کا قرار داد کے حق میں ووٹ دینا گناہ کبیرا ہے؟۔
اپنے بیان میں کہدا بابر نے کہا سینٹ سے منظور شدہ قرارداد پر تنقید کرنے والوں سے سوال کرنا چاہتے ہیں،میں نے ہر تنقید کرنے والوں کو سنا مگر سب کی داستانیں ذاتی مفاد سے زیادہ کچھ نہیں،کیا قرار داد آئین کے خلاف تھی؟ کیا پہلے کبھی انتخابات التواءکا شکار نہیں ہوئے؟ ملک میں ہر کوئی وزیر اعظم بننا چاہتا ہے مگر عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں،اپنے صوبوں ،علاقوں کی ترجمانی کرکے تحفظات قرار داد میں رکھ دئیے ، الیکشن کمیشن تحفظات کو دیکھ کر جائزہ لے اور غور کرے۔
سینیٹر کہدا بابر نے کہا امن و امان کی صورتحال دیکھتے ہوئے کسی کو کچھ ہوا تو ذمے دار کون ہو گا؟ بڑی سیاسی جماعتوں کی خواہشات کےلئے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہو سکتے،سیاسی مافیا مجھ سمیت کسی منتخب رکن کو پارلیمان میں آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتا، بڑی سیاسی جماعتیں میرا وزیر اعظم، میرا وزیر اعظم کھیلنے کی بجائے عوامی تحفظات کو سمجھیں،انتخابات کی ضرورت تو خیبر پختونخوا اور پنجاب کے عوام کو بھی تھی، بڑی سیاسی جماعتیں رکاوٹ کیوں بنیں؟ بحیثیت منتخب رکن کسی کی ذاتی خواہشات کی تکمیل اور وزیر اعظم بننے کےلئے آلہ کار نہیں بن سکتا۔
کسی کو کچھ ہوا تو ذمے دار کون ہو گا؟،کیاقرار داد کے حق میں ووٹ دینا گناہ کبیرا ہے؟، کہدا بابر
















