ملک خطرات کے باوجود الیکشن میں جاسکتا ہے: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے ہماری سکیورٹی فورسز باصلاحیت ہیں، ملک خطرات کے باوجود الیکشن میں جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کے التوا سے متعلق سینیٹ کی قرارداد پر تبصرہ نہیں کریں گے، نگراں حکومت کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گی جس سے الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت ہو۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کا کام ججوں کے تبصرے پر تبصرہ کرنا نہیں، عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کرانا ہے، فیصلہ غلط لگا تو چیلنج کر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا یا الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔