سیکرٹری ECPمستعفی،عمر حمید کی طبیعت ناساز،صحت نے اجازت دی تو جلد دوبارہ فرائض سرانجام دینگے،الیکشن کمیشن

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے استعفیٰ دےدیا، ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن عمر حمید نے علالت کے باعث کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا انتخابات قریب ہیں، صحت کی خرابی کے باعث مزید فرائض سرانجام نہیں دے سکتا۔ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں عمر حمید نے کہا استعفیٰ دیتا ہوں تاکہ انتخابات میں تعطل نہ آئے تاہم سکندر سلطان راجہ نے کہا مکمل آرام کریں، صحت یابی تک علاج کرائیں۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، 6 دن تک ہسپتال میں زیرعلاج رہے، چیف الیکشن کمشنر نے تاحال استعفیٰ منظور نہیں کیا۔

ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے ردعمل دیتے ہوئے سیکرٹری عمر حمید خان ذہین، محنتی افسر اور اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کررہے ہیں۔ عمر حمید خان کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب اور میڈیکل ریسٹ پر ہیں، پہلے بھی علالت کے باعث چھٹیوں پر رہے، اب بھی اگر صحت نے اجازت دی تو جلد دوبارہ فرائض سرانجام دیں گے۔

ترجمان نے مزید کہا الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں، تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں۔ سیکرٹری کی غیر موجودگی میں دونوں سپیشل سیکرٹریز الیکشن کمیشن کاکام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے افواہوں پر دھیان نہ دیں، سکرٹری الیکشن کمیشن واقعی علیل، مکمل و جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، کسی قسم کا کوئی بحران نہیں۔ مزید برآں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا سکیورٹی فورسز باصلاحیت ہیں، ملک خطرات کے باوجود الیکشن میں جاسکتا ہے، الیکشن التوا کی سینٹ قرارداد پر تبصرہ نہیں کریں گے، نگراں حکومت کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گی جس سے الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت ہو۔

وزیر اطلاعات نے کہا حکومت کا کام ججوں کے تبصرے پر تبصرہ کرنا نہیں، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرانا ہے، فیصلہ غلط لگا تو چیلنج کردیں گے، انتخابات کی تاریخ دینا یا الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

دریں اثناالیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابی حلقوں میں عوام کے ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ سٹیشنوں کی ابتدائی فہرست جاری کردی۔ ترجمان کے مطابق انتخابی حلقوں کے حساب سے ابتدائی پولنگ سٹیشنوں کی لسٹ شائع کی گئی، ابتدائی پولنگ لسٹ پر حلقے کا ووٹر ،امیدوار اعتراض یا تجویز 11 جنوری تک جمع کراسکتا ہے۔ 12 سے 17 جنوری کے دوران ڈی آر اوز اعتراضات، تجاویز پر فیصلے دیں گے، ای سی پی ترجمان نے مزید کہا ابتدائی فہرستوں پر دائر اعتراضات پر فیصلوں کے بعد پولنگ سٹیشنوں کی حتمی فہرست عام انتخابات سے 15 روز قبل ویزاں کردی جائیگی۔