حکومت یقین دہانی کرائے کسی کو غیر قانونی نہیں اٹھایا جائےگا:سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہاہے پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے،حکومت تحریری یقین دہانی کرائے کسی بھی شخص کوغیر قانونی نہیں اٹھایا جائےگا۔

5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا تحریر کردہ ہے،عدالت عظمیٰ نے پولیس کو پرامن بلوچ مظاہرین سے ناروا سلوک کرنے سے روکتے ہوئے حکم نامے میں کہاپرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، نوٹس میں آیا پولیس نے عدالتی چھٹیوں کے دوران بلوچ مظاہرین پر تشدد کیا، عدالت پرامن مظاہرین پر کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دیتی،عدالت فیض آباد دھرنا فیصلے میں پرامن احتجاج کا حق واضح کرچکی،حکمنامے میں سینٹ سے لاپتہ افراد بل گم ہونے کا ذکر بھی کیا گیا۔

حکم نامے میں کہا گیا الزام ہے وفاقی وزیر کی کوششوں کو سینٹ چیئرمین نے ناکام بنایا،صادق سنجرانی پر لگایا گیاالزام بہت سنگین ہے ، درخواست گزار نے کیس میں صادق سنجرانی کو فریق نہیں بنایا، جب تک فریق نہیں بنایا جاتاالزامات کی سماعت کرنا مناسب نہیں،وفاقی حکومت تحریری یقین دہانی کرائے کسی بھی شخص کو غیرقانونی طور پر نہیں اٹھایا جائے گا، وفاقی حکومت کی متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسر تحریری یقین دہانی دیں۔

سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کمیشن کو 10روز میںتفصیلات اٹارنی جنرل کو جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہااٹارنی جنرل لاپتہ افراد کمیشن سے رپورٹ آ جانے کے بعد حتمی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں، کیس کی سماعت عدالت کی طلب کردہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد ہوگی، اعتزاز احسن کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کئے جاتے ہیں، اعتزاز احسن کی درخواست پر عدالت صرف لاپتہ افراد تک محدود رہے گی۔

عدالت عظمیٰ نے مزید کہاسیاسی وابستگی رکھنے اور واپس آجانے والوں کے معاملے کو عدالت نہیں دیکھے گی، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں 4رکنی لاپتہ افراد کمیشن 2011 سے قائم ہے، آمنہ مسعود جنجوعہ و دیگر فریقین نے لاپتہ افراد کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا،حکم نامے میں کہا گیارجسٹرار کمیشن خالد نسیم نے بتایا کمیشن کی کوششوں سے بہت سے لاپتہ افراد بازیاب ہوئے، وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کمیشن کے کئی پروڈکشن آرڈرز نظر انداز کئے گئے ، فیصل صدیقی کو عدالت لاپتہ افراد کیس میں معاون مقرر کرتی ہے۔