نشہ اشیاءنوجوان نسل کی پسندیدہ غذا میں تبدیل ،دکانداروں کی میٹھا زہر فروخت میں نمبرون بننے کی کوشش

لاہور ( حافظ کاشف سندھو سے) صوبائی دارالحکومت میں انڈین سپاری، شیشہ فلیور، رتن و دیگر نشیلی اشیاءنوجوان نسل کی فیورٹ غذا بن گئیں۔ شہر بھر کے کولڈ کارنرز و دیگر دوکاندار بچوں و نوجوانوں کو نشہ بیچنے میں نمبرون بننے کی دوڑ میں مصروف۔ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ، والدین انتہائی پریشان، حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں کریانہ و پان شاپس پر گٹکا، سپاری، مضر صحت شیشہ فلیور، رتن ودیگر نشیلی اشیاءکی سرعام فروخت ہونے سے جہاں پر بچے و نوجوان اس لت میں مبتلا ہو کر آئس اور دیگر نشہ آور اشیا کے استعمال کی جانب بہلا قدم رکھ کہ مختلف نشوں کے عادی بن چکے ہیں وہیں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار آنکھوں پر رشوت کی پٹی باندھ کہ لمبی تان کر سو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں نے ”مشرق“ کے نمائندے کو بتایا کہ کولڈ کارنر و دیگر دوکانداروں سے باآسانی گٹکا، سپاری مضر صحت شیشہ فلیور ،رتن و دیگر نشیلی اشیاءدستیاب ہونے سے جہاں پر بچے و نوجوان اس لت میں مبتلا ہوکر نہ صرف اپنی جوانی برباد کر رہے ہیں بلکہ ان نشہ آور اشیاءکو خریدنے کیلئے تعلیم سے بھی ہاتھ دھو کر چوری چکاری کے چکروں میں پڑچکے ہیں جبکہ اکثر سکول و کالج کے قریب بنے کولڈ کارنرز پر منشیات بیچنے والے ڈیلرز اپنا مسکن بنائے رکھتے ہیں۔ اسکے علاوہ دوکاندار اور منشیات ڈیلرز نشیلی اشیاءفروخت کرنے کیلئے سکول و کالج کے کم عم طلبا و بچوں کو دوکانداری چمکانے کی خاطر ادھار پر نشیلی اشیا ءفروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں و سماجی تنظیموں نے وزیراعلی، آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔