بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے جامع حکمت عملی تیار

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگراں حکومت نے خراب کارکردگی والی سرکاری بجلی کی تقسیم کار پانچ کمپنیوں میں بہتری لانے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت بہتر کارکردگی والے ڈسکوز افسران کو خراب کارکردگی والی کمپنیوں میں جبکہ خراب کارکردگی والے افسران کو بہتر کارکردگی والی کمپنیوں میں تعینات کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ پاورڈویژن نے ڈسکوز میں تعینات گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے افسران کیلئے روٹیشن پالیسی کا مسودہ تیارکرلیا۔مجوزہ مسودہ ڈسکوز بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھجوادیا گیا ہے جبکہ قبائلی اضلاع، کوئٹہ، پشاور، سکھر اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کو خراب کارکردگی والی کمپنیاں قرار دیاگیا ہے۔منصوبے کے تحت ان کمپنیوں کے افسران کو بہترکارکردگی والی کمپنیوں میں لگانےکی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے افسران کو ترقی دے کر دوسری ڈسکوز میں دو سال کے لیے تعینات کرنے کی تجویز ہے۔تعیناتی سے انکار کرنے والے افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی نہ دینے اور تعیناتی سے مسلسل دو دفعہ انکار پر سپرسیڈ کرنے کی تجویز ہے۔