نگران وزیراعظم سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی ملاقات

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی ملاقات ہوئی ہے۔ نگران وزیراعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کی موثر نمائندگی پر سراہا، وزیراعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو تواتر سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر ملک کی معاشی فلاح و بہبود کیلئے مواقع کی نشاندہی کرنا پاکستان کے تمام سفارتی نمائندوں کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ منیر اکرم نے وزیراعظم کو اپنے مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں۔