ذوالفقار بھٹو کا نظریہ کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے:زرداری

کراچی ،ملتان (بیورورپورٹ)سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے قائد عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھ کر مدتوں سے استحصال کے شکار عوام کو سوچنے کا شعور،بولنے کیلئے زبان اور عزت سے جینے کا سلیقہ سکھایا ،ٹوٹے ہوئے اور تباہ حال پاکستان کی دوبارہ تعمیر کرکے قوم کو آئین کا نور دیا، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کچلے ہوئے طبقات کو سیاسی ،سماجی اور معاشی حقوق دیئے، ان کا نظریہ اور افکار پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن اپنے عظیم قائد کے نقش قدم پر ثابت قدم ہیں، انہو ں نے کہا ملک سے غربت ،بیروزگاری اور معاشی بدحالی ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ان کے منشور روٹی کپڑا اور مکان پر عمل کیا جائے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری 3 روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے، آصف علی زرداری دیگر 10 رہنماوں کیساتھ لاہور سے سپیشل طیارے کے ذریعے ملتان پہنچے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود نے آصف علی زرداری کا استقبال کیا،پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ملتان میں جنوبی پنجاب کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کریں گے اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے۔