لاہور (خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی مکمل طور پر نئی ہوگئی اور 50 بیڈز کا اضافہ کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی کادورہ کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی کا افتتاح کیا، مریضوں کا ریکارڈ جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہمیشہ کےلئے محفوظ کیا جائےگا، محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ اوردوروں سے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کے کام کوریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، انہوں نے اپ گریڈ ہونے والی ایمرجنسی کا تفصیلی دورہ کیا اوردل کے مریضوں کےلئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا،وزیر اعلیٰ نے آئی سی یو، ایکو روم اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا، انہوں نے نئے بیڈز کا معیار چیک کیا اور خصوصی افراد کےلئے مخصوص واش رومز میں سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے استقبالیہ پر مریضوں کی آمد سے علاج معالجے تک کے نئے وضع کردہ نظام کا مشاہدہ کیا، انہوں نے کوریڈور سے ملحقہ جگہ پر مزید پودے رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے ہدایت کی ہر بیڈ پر کارڈیک مانیٹرنگ سسٹم کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی میں فراہم کردہ جدید سہولتوں کو سراہتے ہوئے کہا سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے، ہسپتال انتظامیہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی پر شاباش دیتا ہوں،محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی آئی سی کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن سے نا صرف لاہور بلکہ پورے پنجاب کو فائدہ ہو گا، ڈاکٹرز، محکمہ تعمیرات ومواصلات، ایل ڈی اے، محکمہ صحت اور دیگر ٹیمیں دن رات یہاں آتی رہیں اور مانیٹرنگ کرتی رہیں، 6ہفتے میں پی آئی سی کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، تمام ٹیمز نے دن رات کام کیا ہے، وزرائ، سیکرٹریز رات 3,3بجے تک اپ گریڈیشن کی مانیٹرنگ کرتے رہے ہیں،فخر سے بتانا چاہتا ہوں اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں کوئی بھی امپورٹڈ چیز استعمال نہیں کی، اپ گریڈ یشن میں استعمال ہونا والا سارا سامان اور آلات میڈ ان پاکستان ہیں، وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹس سے متعلق اجلاس ہوا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پنجاب بھر کے اپ گریڈ ہونے والے ہسپتالوں کےلئے نئے جدید آلات، بیڈز اور دیگر ضروری فرنیچر خریدا جائےگا،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہا¶س میں ملاقات کی،جس میں صوبے کے حوالے سے بہت سے معاملات زیر بحث آئے،گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب کی سرکاری جامعات میں پچھلی حکومت کے تقریباً 4 سالہ دور حکومت کے دوران عدم توجہی کے باعث پیش آنے والے مالی،انتظامی معاملات میں زبوں حالی سے بھی آگاہ کیا،ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، پولیس سٹیشنز، فیسیلیٹیشن سینٹرز، چڑیا گھروں اور عوامی تفریحی مقامات میں بہتری سمیت صوبائی مالیاتی معاملات میں بہتری پر گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن سپیڈ،6ہفتے کی ریکارڈ مدت میں پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی بحال،افتتاح
















