پی ٹی آئی سے”بلا“ پھر واپس،توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران،فواد پر فرد جرم عائد

پشاور،اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا،”بلا “پھرچھن گیا،پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کرکے حکم امتناع واپس لے لیا۔

جسٹس اعجاز خان نے عدالتی فیصلے کےخلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل پر سماعت کی،جسٹس اعجاز نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا آپ کے دلائل سنے ،الیکشن کمیشن وکیل نے کہا سماعت سننے کےلئے آیا ہوں،پی ٹی آئی وکیل شاہ فیصل نے استدعا کی سینئر وکیل قاضی انور آ رہے ہیں جو دلائل پیش کریں گے، تھوڑا وقت دیا جائے،عدالت نے کہا ٹھیک ہے جب آپ کا مین کونسل آ جائے پھر کیس سن لیں گے،سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے سینئر وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ پیش ہو ئے،الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہاقاضی انور ایڈووکیٹ میرے استاد ہیں۔

قاضی انور نے کہامیں اور بیرسٹر گوہر کیس میں وکیل ہیں، سیاسی جماعتوں نے عدالت میں کہا الیکشن کمیشن کےساتھ کھڑی ہیں،جسٹس اعجاز خان نے کہا آپ سے سیکھا ہے قانون کےلئے یہ باتیں بے معنی ہیں، عدالت سے باہر کیا ہوتا ہے اس کا سماعت کےساتھ کچھ کام نہیں،قاضی انور نے کہا پولیس کی بھاری نفری موجود ہے، ادھر آتے ہوئے مجھے روکا گیا، تلاشی لی گئی، کیا الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف عدالت آ سکتا ہے؟ ،26 دسمبر کو فیصلہ آیا، ابھی تک عمل نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے اب تک ویب سائٹ پر انٹرا پارٹی انتخابات سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا۔

جسٹس اعجاز خان نے کہا مطلب ہے حکم امتناع سے کوئی مشکل نہیں ہوئی، آپ کے 2 نکات ہیں الیکشن کمیشن حکم امتناع واپس لینے کےلئے یہاں نہیں آسکتا، دوسرا آرڈر سے الیکشن میں کوئی مشکلات نہیں،الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا انہوں نے ہمارے آرڈر پر حکم امتناع لیا ،خلاف رٹ دائر کرنے کا حق ہے، کیس ہائیکورٹ میں قابل سماعت ہی نہیں ،سپریم کورٹ جانا چاہیے تھا۔

وکیل قاضی انور نے دلائل دئیے الیکشن کمیشن کے پاس انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کا اختیار نہیں، پی ٹی آئی نے 2013 اور 2018 کے انتخابات بھی بیٹ کے نشان پر لڑے۔

جسٹس اعجاز خان نے استفسار کیا کیا آپ کی جانب سے کوئی توہین عدالت کا کیس آیا؟،قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ،الیکشن کمیشن نے کیا کیا؟ جسٹس اعجاز خان نے کہا یہ اب ہم پوچھیں گے،قاضی انورنے کہاالیکشن کمیشن کو ویب سائٹ پر سرٹیفکیٹ ڈالنے سے کیا مسئلہ ہے؟ ایک پارٹی کو ایک طرف کرنا الیکشن کمیشن ،جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں، الیکشن کمیشن کو ایک سیاسی جماعت کےخلاف استعمال نہیں کرنا چاہیے تھا، چاہتے ہیں الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرائے،پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد پہلے فیصلہ محفوظ کیا پھر چند گھنٹوں بعد سناتے ہوئے نظرثانی اپیل منظور کرکے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کر دیا،عدالت نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر اپنا حکم امتناع واپس لے لیا جس کے بعد پی ٹی آئی سے ایک بار پھر بلے کا نشان چھن گیا۔

بعدازاںجسٹس اعجاز خان نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہاالیکشن کمیشن وکیل نے اعتراض اٹھایا عدالت نے دائرہ اختیار کو نظر انداز کیا،وکیل نے کہا مقدمے میں مرکزی فریق کو بغیر سنے حکم امتناع جاری کیا گیا، وکیل نے کہا دیا جانے والا انٹر ریلیف پورے مقدمے پر اثر انداز ہوا ہے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت حکم امتناع کو واپس لیتی ہے،عدالتی فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق انتخابات کا انعقاد کرے، درخواست گزار کے تحفظات مرکزی درخواست میں سنے جائیں گے جو پہلے سے مقرر کردہ تاریخ پر سنی جائے گی۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشانہ واپس لینے کی درخواست پر سماعت کی،پی ٹی آئی وکیل نے کہا پنجاب کیلئے لاہور ہائیکورٹ حکم جاری کر سکتی ہے، مسئلہ ہے خیبرپختونخوا میں بلے کا نشان ہوگا اور پنجاب میں نہیں ،عدالت نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ کہہ چکی الیکشن کے معاملات میں دخل اندازی نہیں ہونی چاہیے، تحریک انصاف کو ریسرچ ونگ بنانا چاہیے جو ریسرچ کر کے کیس فائل کرے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا درخواست ناقابل سماعت ہے، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ،درخواست تحریک انصاف کی جانب سے دائر نہیں ہوئی،سپریم کورٹ نے الیکشن کے معاملات میں دخل اندازی سے روک رکھا ہے، درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق نہیں بنایا گیا۔

عدالت عالیہ نے استفسار کیا کیا ہائیکورٹ سپریم کورٹ میں زیر سماعت معاملات میں دخل اندازی کر سکتی ہے،کیا جو ریلیف کسی اور عدالت سے ملا یہی ریلیف لاہور ہائیکورٹ دے سکتی ہے؟ کیا سیاسی جماعت نے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 215 ( 5) کو چیلنج کیا ؟ عدالت نے درخواست گزار کو سوالات کے تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے فیصلہ عدالتی نظیر کے طور پر دیکھا جائے گا انتظار کریں۔

دوسری جانب توہین ای سی پی کیس میں عمران،فواد پر فرد جرم عائد کر دی گئی،الیکشن کمیشن کے 4رکنی بنچ نے اڈیالہ جیل میں کیس پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چودھری کمرہ عدالت میں موجود تھے، فرد جرم کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائی گئی،ملزموں نے چارج شیٹ میں لگے الزامات سے انکار کر دیا، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔

دریں اثنا عائد چارج شیٹ کے مطابق عمران خان ،فواد چودھری نے 2022 میں الیکشن کمیشن کےخلاف منصوبہ بندی سے تضحیک آمیز مہم کا سلسلہ شروع کیا، ملزموں نے ایک نہیں متعدد بار الیکشن کمیشن و سربراہ کےخلاف متعصبانہ ، تضحیک آمیز زبان استعمال کی،چارج شیٹ میں کہا گیا 12جولائی 2022کو بھکر میں عوامی جلسے کے دوران الیکشن کمیشن کےخلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کی گئی، ملزموں نے 18جولائی ،27 جولائی کو عوامی جلسوں میں الیکشن کمیشن ،سربراہ پر من گھڑت الزامات عائد کیے،4 ،10 اگست 2022کو الیکشن کمیشن کو سکینڈلائز کیا، جلسوں میں آئینی ادارے کو تضحیک کا نشانہ بنایا، ملزموں نے چیف الیکشن کمشنر کےخلاف غیر پارلیمانی ،نامناسب زبان کا استعمال کیا۔

چارج شیٹ میں کہا گیا مطلوبہ شواہد، ویڈیوز اور دستاویزات کے مطابق ملزموں کےخلاف ٹرائل شروع کیا جائے، سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے تحت الیکشن کمیشن ملزموں کےخلاف کارروائی کا مجاز ہے۔

مزید برآںاڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی ملتوی کردی گئی،آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے طبیعت ناسازی کے باعث سماعت نہیں کی

ادھر 9مئی مقدمات میں قاسم سوری سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماو¿ں کی طلبی کا اشتہار جاری کردیا گیا،انسداد دہشت گردی عدالت کے سپیشل جج نے طلبی کا اشتہار جاری کرکے14 فروری کو طلب کرلیا،رہنماﺅں میںخادم وردگ، جمعہ خان، صادق ترین، ڈاکٹر منیر بلوچ ،نجیب کاکڑ سمیت 11 ملزم شامل ہیں،عدالتی اشتہار کے مطابق پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنماو¿ں پر تھانہ بجلی روڈ میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔