پولیس افسران کو ماسٹرز، ایم فل ،پی ایچ ڈی ڈگریوں کیلئے وظائف دئیے جائینگے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے پولیس افسران کی اعلی تعلیم کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اور نجی یونیورسٹی میں باہمی تعاون بڑھانے بارے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت نجی یونیورسٹی نے پنجاب پولیس کے افسران کی اعلی تعلیم کیلئے 05 کروڑ روپے سالانہ کا سکالرشپ فنڈ قائم کردیا ہے، ہر رینک کے پولیس افسران کو ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کیلئے وظائف دئیے جائیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس افسران تعلیمی اخراجات کا 10 فیصد خود، 90 فیصد یونیورسٹی برداشت کریگی۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور سمیت مختلف اضلاع سے آئے پولیس ملازمین نے ملاقات کی، پولیس ملازمین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کوپیشہ ورانہ امور بارے مختلف درخواستیں پیش کیں جس پر آئی جی پنجاب نے مسائل سن کرحل کیلئے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسٹرکٹ رحیم یار خان کے سب انسپکٹر مظفر حسین شاہ کی ہیلتھ ویلفیئر کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو فوری کاروائی کا حکم دیا۔ سرگودھا کی لیڈی کانسٹیبل شبانہ کوثر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی کو انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسپکٹر بختاور عباس مرحوم کی بیٹی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو کاروائی کا حکم دیا، ڈرائیور کانسٹیبل محمد یاسین مرحوم کے بیٹے ثقلین یاسین کی ملازمت کی درخواست پر میرٹ کے مطابق کاروائی کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جونیئر کلرک طیبہ حسن اور رخسانہ موسیٰ کی درخواستوں پر اے آئی جی ڈویلپمنٹ کو کاروائی کا حکم دیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دیگر ملازمین کی درخواستوں پر میرٹ کے مطابق بلا تاخیر کارروائی اور فوری ریلیف کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ پولیس فورس کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، ملازمین کی پیش کردہ درخواستوں پر فوری کاروائی کرکے انہیں ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔