کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کو سب جانتے ، 8 فروری کو بڑا سرپرائز دینگے، بلاول

سکھر(بیورورپورٹ)سابق وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کو سب جانتے ہیں ،8فروری کو بڑا سرپرائز دیں گے،انتخابات میں لاہور کے پاس کوئی اور آپشن بھی ہونا چاہیے اسی لیے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، نہیں چاہتے پھر کوئی کھلاڑی آئے اور کسی بزدار کو پنجاب پر مسلط کردے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے، گھوٹکی سمیت سندھ بھر میں فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے،پی پی اچھے نتائج دے گی، بےنظیر شہید کی برسی پر10نکاتی منشور پیش کردیا، موقع ملا تو ضرور عمل کریں گے،عوام ساتھ ہیں،8فروری کے انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہاسب کو معلوم ہے کاغذات نامزدگی کون چھین رہا اور کہاں چھینے جارہے ہیں چھیننے والے جواب دیں، شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی پہلے بھی مذمت کی تھی اب بھی مذمت کرتا ہوں تاہم کیا بانی پی ٹی آئی ،شاہ محمود قریشی نے اپنے موقف کو تبدیل کیا؟ سب سے پہلے عمران خان کو اپنے کیے کی توبہ کرنی چاہیے،پی ٹی آئی کواپنے اقدامات کی معافی مانگنی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہاکچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق پر مکانات تعمیر کرکے دیں گے،اقتدار ملا تو تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں دوگنا اضافہ کریں گے ،مقابلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے،تعلیمی شعبے میں عوام کو آئین کے مطابق حقوق دیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہاخواہش ہے کم قیمت پر بجلی فراہم کریں یا غریب ترین لوگوں کو مفت بجلی دیں، صرف نعرہ نہیں لگا رہے ،منصوبہ بندی مکمل ہے،تمام اضلاع میں گرین انرجی پارک قائم اور سولر ، ونڈ سے بجلی پیدا کریں گے اور مقامی لوگوں کو بجلی دیں گے، مقصد مقامی لوگوں کو کم قیمت پر بجلی پہنچانا ہے ،غریب لوگوں کو سولر پینل دیں گے تاکہ 200 سے 300 یونٹ بجلی مفت حاصل کر سکیں۔