پی ٹی آئی نشان کا فیصلہ چیلنج کرنا ہے یا نہیں؟الیکشن کمیشن کی بیٹھک بے نتیجہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نشان کا فیصلہ چیلنج کرنا ہے یا نہیں؟الیکشن کمیشن کی بیٹھک بے نتیجہ ،کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آفس میں پشاور ہائیکورٹ فیصلے پر طویل مشاورت کی گئی اور پی ٹی آئی نشان کا فیصلہ چیلنج کرنے یا نہ کرنے پرفیصلہ جمعرات تک موخر کردیا گیا،قانونی ٹیم پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو مطمئن نہ کر سکی۔

دریں اثنا ملک میں عام انتخابات کیلئے امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی پراہم اجلاس ہوا ،چاروں صوبوں کے اعلیٰ پولیس افسروں،سکیورٹی اداروں نے بریفنگ دی،ادھر تمام ریٹرننگ افسروں کو مراسلہ جاری کر دیاگیا۔

الیکشن کمیشن نے مراسلے کے ذریعے ملکی مبصرین ،میڈیا کے ایکریڈیشن کارڈ کیلئے ایس او پیز جاری کیے ،تمام میڈیا نمائندگان،مقامی این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان ایکریڈیشن کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں،الیکشن کمیشن انتخابی عمل کے مشاہدے ،کوریج کےلئے زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرےگا۔

مزید برآںالیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت کےلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا،ترجمان کے مطابق سینٹر میں عوام کو رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی،شکایت کے بروقت ازالے کےلئے فوری کارروائی کی جائےگی۔

علاوہ ازیںالیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے پولنگ سٹیشنز کا فائنل ڈرافٹ تیار کرلیا،دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں 92 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز بنیں گے، پولنگ سکیم 8 فروری سے 15 روز قبل جاری کی جائے گی

ادھر ای سی پی نے انتخابی فہرستوں کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کی خبر کو غلط قرار دےدیا،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ ،الیکشن رولز میں انتخابی فہرستوں کے حصول کا طریقہ کار موجود ہے، انتخابی فہرستوں کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی قانون میں کوئی شق نہیں،انتخابی فہرستوں میں ووٹروں کا ذاتی ڈیٹا ہوتا ہے، ریاست کےخلاف کام کرنے والی آرگنائزیشنز ڈیٹا کا غلط استعمال کر سکتی ہیں۔