رائیونڈ ، کم قیمت ہاوسنگ سکیم کے تحت 245گھر تیار،وزیراعلیٰ کی ایم ایس گنگارام کو آخری وارننگ

لاہور(خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)نگران پنجاب حکومت نے تعطل کا شکار فلاحی منصوبہ مکمل کر لیا ، رائیونڈ میں کم قیمت ہاوسنگ سکیم کے تحت 245گھر تیار، وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر 245 گھر 15 جنوری کوچھوٹے سرکاری ملازمین کو دئیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے رکھ پاجی، رائیونڈ میں کم قیمت ہاو¿سنگ سکیم کے تحت تعمیر شدہ گھروں کا دورہ کرکے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیر علیٰ نے تعمیر شدہ گھروں میں سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاسیوریج ،ڈرینج کا کام جلد مکمل ،تعمیرشدہ گھروں کی الاٹمنٹ پرضروری امور فوری طے کئے جائیں،ایف ڈبلیو او کے حکام نے ہاو¿سنگ سکیم کے تحت تعمیرشدہ گھروں پر بریفنگ دی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال کااچانک دورہ کیا ،صفائی کے ناقص انتظامات ، غلیظ ترین واش رومز ،گندگی کے ڈھیر لگے تھے، ہسپتال میں موجود مریضوں ،لواحقین نے آپریشن کرانے کےلئے پیسے لینے،ادویات باہر سے منگوانے کی شکایات کیں،محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ہسپتال کو آخری وارننگ دی اور کہا ہسپتال کے امور کو فی الفور درست کیا جائے، آخری وارننگ دے رہا ہوں، جلد دوبارہ وزٹ کروں گا، حالت زار درست نہ ہوئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے آپریشن کےلئے پیسے لینے کے واقعہ کی وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم سے انکوائری کا حکم دیا اورسی ایم آئی ٹی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت د ی اور مریض سے لیے گئے پیسے واپس کرنے کا حکم دیا،محسن نقوی نے ایم ایس سے کہا اگر آپ ہسپتال کا ایک بھی راونڈ لگا تے تو صفائی کی ایسی صورتحال نہ ہوتی، آئندہ مجھے گندگی نہیں نظر آنی چاہیے،صفائی کے انتظامات بہتربنائے جائیں،ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے،سست روی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید برآںوزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا،محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں ڈرینج کی نئی لائن بچھانے کی ہدایت کرتے ہوئے موقع پر ہی اایم ڈی واسا کو احکامات جاری کئے۔

محسن نقوی نے کہا سروسز ہسپتال میں نکاسی آب کا نظام تبدیل ،ڈرینج کےلئے نئے پائپ بچھائے جائیں گے، سروسز ہسپتال میں پانی کی فوری نکاسی کیلئے پمپنگ سٹیشن بھی بنایا جائے گا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزدوروں سے بات چیت کی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔

علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل اور صحافی برادری کی فلاح وبہبود کےلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب میں عوامی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کے اقدامات کو سراہا۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فتح ٹومیزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکبادیتے ہوئے کہاپاک فوج، سائنسدانوں ،انجینئرز کی ٹیم کوکامیاب تجربے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان نے فتح ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور سنگ میل عبور کیا،فتح ٹو میزائل سے دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔