لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے وہ حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ کرپشن سے کمائی گئی دولت کی بنیاد پر جعلی سٹیٹس کے حامل ٹولہ کے دن گنے جاچکے، باشعور عوام بیدار ہو گئے، 8فروری کوظلم و ناانصافی کے سومنات پاش پاش ہوجائیں گے۔ منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اب عوام کو حق حکمرانی دیا جائے۔جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں مستحکم جمہوری نظام نہیں چاہتیں، ان کیلئے سٹیٹس کو میں ہی زندگی ہے۔طرفہ تماشا یہ ہے کہ پارٹیوں کا وجود پہلے قائم ہوجاتا ہے، منشور اور نظریات بعد میں تخلیق ہوتے ہیں، جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس میں قیادت کا انتخاب شفاف جمہوری طریقے سے ہوتا ہے، ہم نے الیکشن مہم کے آغاز سے قبل انقلابی منشور دیا جس کا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے، اقتدار میں آکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، عوام مہنگائی سے جان چھڑانے، کرپشن سے نجات اور امن کے قیام کیلئے ”ترازو“ پر مہر لگائیں۔ دریں اثناءامیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ایران کے قونصل جنرل مہران موحدفر نے منصورہ میں ملاقات کی، نائب امیر لیاقت بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ امیر جماعت نے غزہ میں مظلوم مسلمانوں کی مدد پر ایران کے کردار کی تحسین کی اور کہا کہ اسے پوری امت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک، ایران تعلقات باہمی اسلامی بھائی چارے پر مشتمل ہیں۔ پاکستان، ایران اور افغانستان کو ملکر خطے میں امن اور ترقی کیلئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ تینوں ممالک کے تعلقات میں مضبوطی امن اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔ ایرانی قونصل جنرل نے امت کے اتحاد کیلئے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر جاندار اوردوٹوک موقف اپنانے پر امیر جماعت کی تعریف کی۔
جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے وہ حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں:سراج الحق



















