ساہیوال:فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا کیخلاف ان ایکشن، متعدد کوبھاری جرمانے

ساہیوال(بےورورپورٹ)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں دودھ بردار گاڑیوں، ملک شاپس اور بیکریوں سمیت متعدد فوڈ یونٹس کی انسپکشن، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پرفوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد، 225 لٹرملاوٹی دودھ، 20لٹر ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس، 10 کلو ایکسپائرڈ خوراک تلف کردی گئی۔

ساہیوال میں عمران ٹاون اور حیات آباد چیچہ وطنی میں 2 بیکریوں کو سٹوریج ایریا میں چھپکلیاں پائے جانے، پروڈکشن ایریا میں سگریٹ نوشی کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے جانے پر 25 ہزار، صدیق اکبر چوک میں 2 پولٹری شاپس کو صفائی کے ناقص انتظامات پر 10 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے

اسی طرح الفرید گارڈن، حیدر کالونی پاکپتن اور کلمہ چوک عارف والا میں 3 بیکریوں کو ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز فروخت کرنے، آئلنگ کیلیے پینٹ برش کا استعمال کرنے اور پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار ہونے پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردیے گئے۔ اس کے علاوہ پاکپتن میں دودھ بردارگاڑی کی چیکنگ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائے جانے پر 90 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا۔مزید اوکاڑہ میں دولہ چوک، جلیل ٹاون رینالہ خورد، رفیع کالونی صمد پور میں 3 سویٹس اینڈ بیکرز کو خوراک کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزاءکا استعمال کرنے، پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار، فوڈ آئٹمز کی زمین پر سٹوریج اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے پر 10،10 ہزار وپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مزیدبرآں اوکاڑہ کے علاقے 54 ٹو ایل اور چونگی نمبر 7 پر 2 ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑی کو پانی کی ملاوٹ کرنے پر 12 ہزار روپے کے جرمانے کردیے گئے۔