فلسطین میں امن پوری دنیا کی ذمہ داری ہے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے فلسطین میں امدادی سرگرمیوں میں اردن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے فلسطین میں امن پوری دنیا کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری فلسطین میں فوری جنگ بندی کےلئے اپنا کردار ادا کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے اردن کے سفیر ڈاکٹر معن خریسات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا پاکستان اردن کےساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہب، اقدار اور ثقافت پر مبنی گہرے تعلقات ہیں،فلسطین کی موجودہ صورتحال نہ صرف مسلم امہ بلکہ دنیا بھر کی مہذب اقوام کیلئے باعث تشویش ہے، فلسطین میں امن پوری دنیا کی ذمہ داری ہے۔

اردن کے سفیر نے کہا غزہ میں خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے،وزیر اطلاعات نے اردن کے سفیر کو پاکستان میں انتخابات کی جانب ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات ہوں گے،نگران حکومت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن مدد ،سہولت فراہم کر رہی ہے۔