عوام نے پی ٹی آئی کے ”دیہاڑی دور“ کے احتساب کا فیصلہ کرلیا : رانا تنویر حسین

مریدکے (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے رکن اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عدلیہ اور حکومتی ادارے پوری طرح فعال کردار ادا کر رہے ہیں جس سے توقع ہے کہ گوگا اور گوگی اپنے کئے کی سزا ضرور بھگتیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے ”دیہاڑی دور“ کے احتساب کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ احتساب ووٹ کے ذریعے کیا جائیگا۔ سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے سابق پی ٹی آئی رہنما چوہدری کلیم اللہ بھٹی کے زیر اہتمام ”شہناز طفیل فری ڈسپنسری“ کے افتتاح کے موقع پر بہت بڑے اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ساڑھے چار سال اقتدار کے مزے لوٹنے والے عوام کا سامنا کرنے اپنے کالے کرتوت کے باعث عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ نوسرباز پارٹی نے عوام کو سبز باغ دیکھا کر حکومت حاصل کی اور بدلے میں پورا ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا کر کروڑوں نوجوانوں کو بے روزگاری کی دلدل میں پھینک دیا۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) پہلے بھی پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ سابق چیئرمین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، وائس چیئرمین رانا ماجد نواز، رانا حسیب عامر، سید اعجاز شیرازی، حاجی کبیر اشرف، سابق ناظم اعجاز احمد بھٹی، چودھری سجاد بھٹی، رانا ریاض، رانا رف، ظفراللہ بھٹی، عطاءاللہ بھٹی، کبیر بھٹی ایڈووکیٹ اور افضال احمد بھلہ کے ہمراہ خطاب کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا کہ میاں نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم منتخب ہو کر سستا دور واپس لائیں گے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے پاس ہر حلقے میں مضبوط امیدوار موجود ہیں لیکن دوسرے صوبوں میں ایڈجسٹمنٹ پر غور کیا جائیگا تاکہ مضبوط حکومت کے ذریعے ملکی مسائل حل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف لاہور سے الیکشن لڑیں گے جبکہ وہ خود وزارت اعلیٰ کے نہیں عوامی خدمت کے عہدے کے امیدوار ہیں۔