شہر ی گھر بیٹھے آن لائن 60 روپے میں لرننگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں :آئی جی پنجاب

لاہور(کر ائم رپو رٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا آن لائن لرنر لائسنس سسٹم کے بارے میں شہریوں کی رہنمائی کیلئے خصوصی ویڈیو جاری کردی۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے اس مختصر ویڈیو میں بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند اور ضرورتمند شہریوں کے خدمات مراکز ، پولیس سٹیشنوں پر ہجوم کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پولیس نے پنجاب انفرمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پی آئی ٹی بی کی معاونت سے عوام کیلئے گھر پر آن لائن درخواست کے ذریعے لرنر لائسنس کے اجرا کا آغاز کیا ہے۔ پنجاب میں 200 افراد ہر ایک منٹ میں آن لائن لائسنسنگ پورٹل سسٹم کے ذریعے گھر بیٹھے لرنر لائسنس بنوانے رہے ہیں۔شہری گھر بیٹھے صرف 60 روپے میں آن لائن سسٹم کے ذریعے اپنا لرننگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔دوسری طرف پنجاب پولیس نے رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات کے خاتمے کیلئے جاری آپریشنز کی تفصیلات جاری کردیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ رواں برس لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر77ہزار 766ریڈز اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، نشے کے سوداگروں کے خلاف 46ہزار 749مقدمات درج کر کے 46ہزار 804ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے26ہزار 364کلوگرام چرس، 365کلوگرام ہیروئن اور 61کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف 214ریڈز کی گئیں ، 129مقدمات درج اور 122ملزمان کوگرفتار کیا گیا،ملزمان کے قبضے سے 74کلوگرام چرس ، 190گرام ہیروئن اور 100گرام آئس برآمد ہوئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کو ڈرگ فری بنانے کیلئے تمام آپریشنل یونٹس مربوط حکمت عملی اپنائیں، منشیات فروشوں کیخلاف ہیومن انٹیلی جنس، سپیشل برانچ رپورٹس کی روشنی میں بھرپور کریک ڈاﺅن کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں، کالجز ، یونیورسٹی اور ہاسٹلز کے گردونواح میں سپلائی دینے والے سفاک ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سزائیں دلوائی جائیں،تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز منشیات فروشوں کیخلاف ہونیوالے آپریشنز کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔