سائفر کیس : عمران خان، شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد، جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر فل بنچ تشکیل

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم اورسابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے چالان پڑھا کر سنایا، عدالت نے کہا 3 الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ، سائفر کو جلسہ میں لہرایاگیا اور اس کے مندرجات کوزیر بحث لایاگیا ، بطور وزیراعظم اور بطور وزیر خارجہ سائفر کو وزارت خارجہ کو واپس نہ بھیجا گیا ، سائفرکو جان بوجھ کر استعمال کرکے ملکی تشخص اور سلامتی کو نقصان پہنچا،فرد جرم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سنائی جبکہ شاہ محمود قریشی اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے صحت جرم سے انکار کردیا،ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹرز شاہ خاور اور ذوالفقار عباس نقوی جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل عثمان گل اور شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک بھی عدالت میں پیش ہوئے ، سائفر کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی گئی دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کےخلاف سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر فل بنچ تشکیل دےدیا،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے 3 رکنی فل بنچ کی سربراہی جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی جبکہ دیگر بنچ کے ارکان میں جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل ہیں ،فل بنچ 18 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا ، سنگل بنچ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کی تھی۔