لاہور (خبرنگار) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر تشکیل دی گئی عملدرآمد کمیٹی برائے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کا اجلاس کمیٹی کے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گےا۔ واپڈا اور ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ایڈیشنل سیکرٹری (بجٹ) فنانس ڈویژن اور سیکرٹری/سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا نے زوم کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ڈویلپمنٹ)خیبرپختونخوا، جوائنٹ سیکرٹری پرائم منسٹرآفس،سیکرٹری ڈیمز عملدرآمد کمیٹی/ جوائنٹ سیکرٹری منسٹری آف واٹر ریسورسز ، نمائندہ چیف واٹر پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز ڈویژن، رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان اور دیگر سنیئر آفیسرز بھی اس موقع پر شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا اور ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی بروقت تکمیل کے لئے عملدرآمد کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ ڈیمز کمیٹی دونوں اہم منصوبوں کی تعمیر کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں منصوبوں کی تعمیر اور ان کو درپیش امور کو حل کرنے کیلئے عملدرآمد کمیٹی کا فورم موثر کردار ادا کر سکتا ہے۔بعد ازاں ممبر(فنانس) واپڈا نے اجلاس کو دونوں پراجیکٹس کے مالی امور کے متعلق آگاہ کیا۔ جنرل منیجر (لینڈایکوزیشن اینڈری سیٹلمنٹ)، چیف ایگزیکٹو آفیسر(دیامر بھاشا ڈیم کمپنی) اور جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر(مہمندڈیم) نے شرکا کو دونوںمنصوبوں پر پیش رفت اوردیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمیٹی کو بتایا گےا کہ دونوں منصوبوں پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ واپڈا نے گذشتہ ہفتے کامیابی کے ساتھ دیامر بھاشا ڈیم سائیٹ پر دریائے سندھ کا رخ جزوی طور پر موڑ لیا ہے جبکہ دریائے سندھ کا رخ مکمل موڑنے کا اہم ہد ف آئندہ چند روز میں عبور کرلیا جائیگا۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ پر پیشرفت کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے شرکاءکو بتایا گےا کہ دریائے سوات کی ڈائی ورشن پانی کے کم بہاﺅ کے موجودہ موسم کے دوران مکمل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہےں۔ ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر پیش رفت اور ان سے متعلقہ لینڈ ایکوزیشن کے امور میں واپڈااور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کوششوں کی تعریف کی۔
ڈیمز عملدرآمد کمیٹی اجلاس، مہمند،دیامر بھاشا ڈیموں پر پیشرفت کا جائزہ



















