مجھے مرکزی کردار ملنے میں بڑا وقت لگا،ہمایوں اشرف کا انکشاف

لاہور (مشرق نیوز) مقبول اداکار ہمایوں اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے مرکزی کردار ملنے میں بڑا وقت لگا ہے۔ایک انٹرویومیںانہوں نے بتایاکہ وہ شروع میں ملازمت کرتے تھے لیکن پھر انہوں نے شوبز میں جانے کا فیصلہ کیا اور شروع میں انہیں انتہائی مشکل حالات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔اداکارکے مطابق ملازمت چھوڑنے کے بعد ایسا وقت بھی آیا کہ ان کے پاس 5روپے تک نہیں تھے جبکہ کیریئر کے آغاز میں وہ ماڈلنگ کے دور میں بھی پبلک بسز میں سفر کرتے رہے ہیں۔اداکارکے مطابق ان کا انداز ایسا ہوتا تھا کہ بس میں سفر کرنے والے لوگ بھی ان سے پوچھتے تھے کہ وہ اداکار ہیں؟ہمایوں اشرف کے مطابق لوگوں کی جانب سے اداکار کہنے پر وہ خوش ہوتے تھے اور انہیں لگتا تھا کہ انہوں نے اپنے مستقبل کے لیے بہتر فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماڈلنگ کے بعد ابتدائی طور پر وہ کچھ سیکنڈز کے کردار کرنے لگے تھے اور انہیں مرکزی کردار حاصل کرنے میں بہت وقت لگا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ وہ سکرپٹ پڑھتے وقت کردار کو دیکھ کر ہی پیش کش قبول کرتے ہیں لیکن اگر پروڈیوسر زیادہ پیسے دے تو وہ کردار کا خیال نہیں کرتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیاکہ جب عمران اشرف انڈسٹری میں نئے آئے تو لوگ ان سے پوچھتے تھے کہ وہ ان کے بھائی ہیں اور اب لوگ ان سے یہ پوچھتے ہیں کہ آپ عمران اشرف کے بھائی ہیں؟انٹرویومیںہمایوں اشرف اور میزبان عمران اشرف نے واضح کیا کہ نام میں اشرف ہونے کی وجہ سے انہیں بھائی سمجھا جاتا ہے لیکن وہ حقیقی بھائی نہیں البتہ ان کا رشتہ بھائیوں جیسا ہے۔