لوگوں کو ٹیکس دینا ہوگا، تاجر بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائیں:وزیراعظم

کراچی،کوہاٹ (بیورورپورٹ) وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا، حکومت سرمایہ کاری کےلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، تاجر برادری بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائے۔

انوارالحق کاکڑ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بہترین کامیابی کے موقع پر تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے، امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا،سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے،سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے۔

نگران وزیراعظم نے کہا شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے، خواہش ہے تاجر برادری جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹے ، تاجر برادری ، پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مزید کامیابیوں کےلئے دعاگو ہوں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا تاجر برادری ملکی معیشت کو سدھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، آپ کی کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے، تاریخی کامیابی ملک میں مزید بہتراصلاحات کا پیش خیمہ ہے، بڑی کاروباری کمپنیوں کو فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہیے۔

نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا،کاروباری افراد بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائیں، ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوگا تو اتنا ہی عوام کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا،پاکستان کے شاندارمستقبل کےلئے پر امید ہوں،انوارالحق کاکڑ نے تقریب کے دوران پاکستان کی 25 بہترین کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔

قبل ازیںکیڈٹ کالج کوہاٹ کے 58ویں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا جدید تعلیم ترجیح ہے، تعلیم یافتہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، اساتذہ کا تعلیمی نظام میں انتہائی اہم کردارہے،جدیدتعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے، خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کےلئے اقدامات کرناہوں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہامادر علمی میں گزارا ہوا وقت مستقبل کےلئے تیار کرتاہے، جدیدتعلیم بالخصوص سائنس ، ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے، اساتذہ تعلیمی نظام میں انتہائی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، والدین پر بھی انتہائی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،وزیراعظم نے کیڈٹس کو تلقین کی محنت ، ایمانداری سے آگے بڑھتے جائیں، زندگی میں چیلنجزہوں گے، مشکلیں آئیں گی تاہم کامیابی مقدر ہو گی، اچھا انسان بننا ہی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔