اسلام آبا د(بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے غزہ یکجہتی کیمپ قائم کردیا جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے،مسلم حکمران اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ جمعرات کو جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غزہ یکجہتی کیمپ قائم کردیا۔امیر جماعت سراج الحق نے کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پرکارکنوں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ یہ کیمپ اس بات کا اعلان ہے کہ فلسطین کی آزادی کے مشن میں ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں ،فلسطینی بھائیوں کو مشکل کی گھڑی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔سراج الحق نے کہا کہ اس جنگ میں اسرائیل ہار چکا ہے، دنیا بھر کے باضمیر انسان فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن مسلم حکمران خاموش ہیں ،اگر مسلم ممالک اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہیں تو اسرائیل جنگ بند کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے اسرائیل کو قبول نہ کرنے کا اعلان کیا تھا حکومت کو قائد اعظم کے اس مو¿قف کیخلاف جانے اور اسرائیل تسلیم کرنے کی کبھی اجازت نہیں دی جائیگی۔
مسلم حکمران اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کریں: سراج الحق



















