لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چوری ،راہزنی، ڈکیتی کی وارداتوں میں ہوشربا اضافے سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی اہم اور مصروف ترین شاہراﺅں پر دن دیہاڑے راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہونے سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔ کروڑوں کا بجٹ اور جدید ٹیکنالوجی بھی لاہور پولیس کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکی ۔ روزانہ کی بنیاد پر 500 کے قریب وارداتیں رپورٹ ہونا معمول ،لاہور پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ، صوبائی دارالحکومت ڈاکووں اور راہزنوں کے نرغے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں مختلف جرائم کی 457وارداتیں رپورٹ ، پولیس زرائع کے مطابق نامعلوم چور نقب زنی کی وارداتوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں18 گھروں سے لاکھوں مالیت کا سامان لے اڑے۔ ڈاکوﺅںنے اسلحہ کے زور پر مختلف مقامات سے 27افراد سے لاکھوں روپے اور موبائل فونز ،جھپٹا مار کر61شہریوں سے شاہراہ عام پر ہزاروںروپے اور موبائل فونز اور 2موٹرسائیکلیں چھین لیں اس کے علاوہ گلبرگ ، مناواں ، باٹا پور ، نولکھا ، رنگ محل ، مزنگ سمیت دیگر علاقوں سے 61موٹرسائیکلیں،2کاریں ،4 دیگر وہیکل چوری اور متفرق چوری کی285وارداتیں رپورٹ ہوئی ںشہریوں کا کہنا ہے ایک ہی ڈویڑن میں بار باراور طویل عرصے سے تعینات پولیس ملازمین اور افسران کی کارکردگی جرائم پیشہ افراد کے ساتھ دوستی اور گٹھ جوڑ کے باعث انتہاء مایوس کن ہے ڈکیتی ،چوری اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے مصروف ترین شاہرائیں غیر محفوظ ہو کر رہ گئی ہیں۔درجن بھر سے زائد امن و امان کو برقرار رکھنے والی فورسز بھی ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔زیادہ تر مقامی پولیس افسران کی ترجیحات امن و امان کی بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرنے پر مرکوز ہیں جس سے روزانہ کی بنیاد پر شہری لٹ رہے ہیں۔ایک طرف شہر میں کیمرہ جات خراب ہونے سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں تو دوسری جانب پرانے بھیدی اور بار بار تعینات پولیس ملازمین سے محکمہ پولیس کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بھیدی ،پرانے بار بار تعینات ہونیوالے پولیس ملازمین کو فوری تبدیل کرکے فرض شناس افسران تعینات کریں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔
کروڑوں کا بجٹ، جدید ٹیکنالوجی بھی بیکار، وارداتوں میں ہوشربا اضافے سے شہری عدم تحفظ کا شکار
















