اہم امریکی عہدیدار جلد پاکستان کے دورے کریں گے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے آنے والے دنوں میں اہم امریکی عہدیدار پاکستان کے دورے کریں گے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان متعدد معاملات پر مشاورت جاری ہے، مشاورتی عمل کو آگے بڑھانے کےلئے دوروں کا تبادلہ بھی ہوتا ہے،ممتاز زہرا بلوچ نے کہا آنے والے دنوں میں اہم امریکی عہدیداروں کے پاکستان کے دورے بھی ہو رہے ہیں، اسسٹنٹ سیکرٹری برائے آٓبادی، پناہ گزین و مائیگریشن پاکستان کا دورہ کریں گی،انہوں نے کہا جولیٹا والس نوئیس4 سے 6 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی، افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی ٹام ویسٹ 7 تا 9 دسمبر کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے جبکہ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ کا دورہ 9 سے 12 دسمبر تک ہو گا،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا امریکی عہدیداروں کے دورے صرف افغانستان کےساتھ مسائل تک ہی محدود نہیں ہیں، یہ دورے امریکہ کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت متعدد مسائل پر جاری مذاکرات کا حصہ ہیں۔