دبئی (مشرق نیوز)نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کےلئے ترقی پذیر ممالک کی ضروریات 100ارب ڈالر کی یقین دہانیوں سے کہیں زیادہ ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سالانہ لاس اینڈ ڈیمج کا تخمینہ400ارب ڈالر ہے،نگراں وزیراعظم نے گلوبل اسٹاک ٹیک اور عمل درآمد سے متعلق گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوپ 28 کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتاہوں، موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے پانی کی فراہمی، زراعت اور انسانی صحت متاثر ہو رہی ہے، ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کےلئے فنانس، استعداد کار اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے،انہوںنے کہا2030 تک کم از کم 6 ٹریلین ڈالرز ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے دینا ہوں گے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور استعداد کار میں اضافے پر توجہ دینا ہو گی مزید برآں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی میں COP 28کے موقع پر جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورزیر غور آئے ،وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر ڈاکٹر محمد معیزو کو مبارکباد دی، دونوں رہنماﺅں نے پاکستان مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود خیر سگالی سے فائدہ اٹھانے کا عزم کیا، انہوں نے اعلیٰ سطحی مکالمے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون بالخصوص اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاحت کے شعبوں میں بڑھانے پر اتفاق کیا،دونوں رہنماﺅ ں نے موسمیاتی تبدیلی اور کلائمیٹ جسٹس کے حوالے سے نتیجہ خیز نتائج پر پیش رفت کی ضرورت پر بھی زور دیا دریں اثنانگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو ان کے 52 ویں قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے میں اس تاریخی دن پر کوپ28 کےلئے دبئی میں آکر بہت خوش ہوں،پاکستان کو اپنے اماراتی بھائیوں کی شاندار ترقی پر فخر ہے، ایکس پر اپنے ایک پیغام میں نگران وزیر اعظم نے کہا ہم مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی دانشمندی اور فہم و فراست کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی بنیاد رکھی، ہم متحدہ عرب امارات کو تجارت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے پر صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی قیادت کو بھی سراہتے ہیں،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان ترقی اور خوشحالی کے اس پرجوش سفر میں متحدہ عرب امارات کا پائیدار ساتھی رہے گا، پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد!۔
موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج،سالانہ نقصان کا تخمینہ 400ارب ڈالر ہے:وزیر اعظم
















