لاہور ( اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے کے حوالے سے شاہی قلعہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پاکستان میں تعینات نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی ورائز ،نیدرلینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامد، سابق وفاقی وزیر خورشید قصوری، طاہر خلیل سندھو، سابق گورنر شاہد حامد اور دیگر معزز مہمان موجود تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی، اقتصادی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت اور کثیرالجہتی فورمز میں نیدرلینڈز کے تعاون کو سراہتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہرمشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1953 میں نیدرلینڈز میں سیلاب متاثرین کی مدد کی تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے گزشتہ سیلاب سمیت قدرتی آفات میں نیدرلینڈز کی امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نیدرلینڈز یورپین یونین میں پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی ایکسپورٹ کی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے پہلے 10 ممالک میں شامل ہے جبکہ 60 سے زائد ڈچ کمپنیاں اس وقت پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، واٹر منیجمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈچ سرمایہ کار سپیشل انوسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل میں سرمایہ کاروں کو دی گئی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلیم،واٹر منیجمنٹ، زراعت، ڈیری اور سیاحت کے شعبوں میں اشتراک کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانی ڈچ نالج اکانومی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ تقریب سے نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی ورائز سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان ،نیدر لینڈ کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے: بلیغ الرحمن
















