شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا؟، پرویز الٰہی

لاہور(خبر نگار،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پی ٹی آئی پرویزالٰہی نے کہاہے مقدمات سے بری ہونے پر شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا؟۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا؟، لاڈلے نواز،شہبازعوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کےلئے تیار رہیں،ہیرا پھیری کے ماسٹر شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے،مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتہ جائے گا،عوام لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے۔

دریں اثناپنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی، عدالت نے 14 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دےدیا۔