افغان حکومت دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم، حافظ گل بہادر کو حوالے کرے، پاکستان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) افغان وزارت خارجہ کے نمائندے کی طلبی، بنوں خودکش حملے پر شدید احتجاج، پاکستا ن نے حافظ گل بہادر کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان سفارتخانے کے نمائندے کو دفتر خارجہ طلب کرکے بنوں حملے میں افغان شہری کے ملوث ہونے کے ثبوت تھما دئیے۔ اعلامیہ کے مطابق بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی ذمہ داری حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی، حملے کے مرتکب افراد، مہم سازوں کےخلاف مکمل تحقیقات اور کارروائی، حافظ گل بہادر کو حوالے کیا جائے۔

دفتر خارجہ نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے افغان نمائندے پر واضح کیا افغانستان سے پاکستان کےخلاف مسلسل منظم حملے ہو رہے ہیں۔ افغان عبوری حکومت پاکستان کےخلاف افغان سرزمین کا استعمال روکے اورافغانستان میں موجود متحرک دہشت گردوں کی پناہ گاہیں فوری ختم کرے۔