لاہو ر(ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کا 27 واں اجلاس ہوا،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس شاہدہ فرخ، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار و دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور نے نگران صوبائی وزیر صحت کو منظوری کیلئے ایجنڈا کے مندرجات پیش کئے۔اجلاس میں اپنے اعضاءعطیہ کرکے تین انسانی زندگیوں کو بچانے والی مرحومہ رفعت کے بھائی ڈاکٹر فہد عباس نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران مرحومہ رفعت کو تین انسانی زندگیوں کو بچانے کیلئے خراج تحسین پیش کیا گیا اور بلند درجات کیلئے دعا مغفرت بھی کی گئی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انسانی اعضاءعطیہ کرنیوالے کی رجسٹریشن کیلئے نادرا سے جلد ایک ایم او یو سائن کیا جائیگا۔ اپنے اعضاءعطیہ کرنیوالے شخص کا قومی شناختی کارڈ میں اندراج کیا جائیگا۔ دریں اثناءپروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ویمن پروٹیکشن سنٹر وحدت کالونی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عامر شفیق، ڈائریکٹر محمد سلیمان، ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اثھارٹی ارشاد وحید، ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر رابعہ عثمان و دیگر افسران موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ویمن پروٹیکشن سنٹر میں جنسی تشدد کا شکار خواتین سے ملاقات بھی ہوئی۔ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عامر شفیق و دیگر افسران نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو ویمن پروٹیکشن سنٹر میں خواتین کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔بعدازاں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فلٹر کلینک وحدت کالونی کا بھی دورہ کیا۔نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت، سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ویمن پروٹیکشن سنٹر وحدت کالونی میں گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی مالی و قانونی معاونت کی جاتی ہے۔پنجاب میں خواتین پر تشدد کے خلاف تحفظ کے قانون پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال لوگوں سے بھلائی کا ادارہ ہے۔
انسانی اعضاءکا عطیہ، حکومت کا ڈونرز کی رجسٹریشن کیلئے نادرا کے ساتھ معاہدے کا فیصلہ



















