اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پنجاب سے 120 سیٹیں جیتنے کے دعویدار الیکشن کا انتظار کریں ،ایک شخص بار بار لاڈلہ بننے کی ضد کر رہا ہے،پیپلزپارٹی الیکشن کے بعد اتحاد کریگی، مسلم لیگ (ن) اپنی دور حکومت میں پنجاب میں الیکشن نہیں جیت سکی تھی ،الیکشن ہونے پر پتہ چلے گا کون کتنی سیٹیں جیتتا ہے ،اگر شفاف انتخابات ہوئے تو اس کے بعد ضرور میثاق معیشت ہوسکتا ہے ،ملک میں عام انتخابات چیف جسٹس فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے موخر نہیں ہو سکتے،پیپلزپارٹی اپنا 56 واں یوم تاسیس کوئٹہ میں منانے جا رہی ہے ،آصف زرداری، بلاول بھٹو کوئٹہ میں یوم تاسیس جلسہ سے خطاب کریں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے پارٹی راہنماو¿ں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنا 56 یوم تاسیس کوئٹہ میں منائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور سینئر راہنما خطاب کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری پارٹی کے مستقبل کی حکمت عملی دیں گے ،کوئٹہ سے ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ فروری کے انتخابات میں پیپلز پارٹی جیت حاصل کریگی،بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، انتخابات کے بعد اتحادیوں سے ملکر نمبر گیم پوری کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبے کا آغاز سابق صدر آصف علی زرداری کی کوششوں سے ہوا ،سات دسمبر سے بلاول بھٹو زرداری پھر خیبرپختونخواہ کا رخ کریں گے ،اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں داخل ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے بنائی گئی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا ،ٹی آروز بنا کر قیادت کو منظوری کے لئے بھیج دیئے ہیں ،پیپلزپارٹی انتخابات اپنے منشوراور نظریے پر لڑے گی ۔ انہوںنے کہاکہ بعض حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہو سکتی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ امید ہے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کرائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ صاف شفاف الیکشن وقت کی ضرورت ہیں ،(ن )لیگ نے ہمیشہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹا ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف ووٹ کو عزت دو اور مجھے کیوں نکالا اور صاف شفاف انتخابات کرانے کا بیانیہ ایون فیلڈ چھوڑ کر آ گئے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے سوشل میڈیا پر متحرک ہے،پارٹی کے امیدوار اور کارکنان پارٹی کا منشور گھر گھر فردفرد تک پہنچائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ آصفہ بھٹو زرداری بھی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی مہم کا حصہ ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی انہیں جو بھی ٹاسک دے گی وہ تیار ہیں،ہم کہتے ہیں ہر پارٹی اپنا منشور لیکر کمپین کرے پھر عوام کو فیصلہ کرنے دے وہ جس کو ووٹ دیں، پیپلز پارٹی سلیکٹ اور لاڈلے بننے کے بجائے اپوزیشن کو ترجیح دے گی۔
پنجاب سے 120 سیٹیں جیتنے کے دعویدار انتخابات کا انتظار کریں: پیپلز پارٹی
















