العزیزیہ ،ایون فیلڈ ریفرنسز، چارج صحیح فریم ہوانہ نیب کو پتہ تھاشواہد کیا ہیں؟، ہائیکورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزاﺅں کےخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دئیے معذرت کےساتھ چارج صحیح فریم ہوا اور نہ نیب کو پتہ تھاشواہد کیا ہیں؟۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ نے سماعت کی، سابق وزیر اعظم نواز شریف قانونی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے،وکیل امجد پرویز نے دلائل دئیے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پاناما جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، جے آئی ٹی نے 10 جولائی 2017 کو رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ، 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے حتمی فیصلہ دیا، 28 جولائی کو وزیر اعظم کو نااہل قرار دیا گیا، سپریم کورٹ نے فیصلے کے 6ہفتوں میں نیب کو ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت دی تھی۔

وکیل نے کہا نواز شریف، مریم نواز ، حسین نواز ، حسن نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس دائر ہوا، فیصلے کی روشنی میں نواز شریف ، حسین اور حسن نواز کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس دائر کیا گیا، نیب دوران جرح تسلیم کرچکا ریفرنس دائر کرنے کے علاوہ کوئی آپشن موجود نہیں تھا، احتساب عدالت کو 6ماہ میں ریفرنس پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی، فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف بری ہوئے، العزیزیہ میں 7 سال ،ایون فیلڈ میں 10سال کی سزا ہوئی، العزیزیہ میں نیب نے سزا بڑھانے کی اپیل دائر کررکھی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا نیب نے کہیں اپنا مائنڈ استعمال کرتے ہوئے بھی کچھ کیا یا صرف ڈاکیے کا کام کیا؟،امجد پرویز نے کہاجے آئی ٹی کا والیم 10 مانگامگر فراہم نہیں کیا گیا، نیب نے جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر ریفرنسز دائر کر دئیے، نیب نے نواز شریف کو ایک کال اپ نوٹس بھیجنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، گواہوں کے بیانات کے علاوہ کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے، نیب نے ٹی وی انٹرویوز پیش کیے، نواز شریف کی اسمبلی فلور پر کی گئی تقریر کا حوالہ دیا، ایک گواہ رابرٹ ریڈلے پیش کیا جو نواز شریف کی حد تک کیس میں متعلقہ گواہ نہیں،جسٹس حسن اورنگزیب نے پوچھا تو نیب نے اپنی طرف سے الگ سے کوئی تفتیش نہیں کی؟۔

وکیل امجد پرویز نے جواب دیا جی بالکل، نیب نے صرف جے آئی ٹی کے سامنے بیان کی تصدیق چاہی، نیب نے نواز شریف کو خود سے کوئی سوالنامہ نہیں دیا،جسٹس حسن اورنگزیب نے استفسار کیا آپ کہہ رہے ہیں پوری جے آئی ٹی رپورٹ نیب نے ریفرنس میں شامل کر دی؟،امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا نواز شریف کو مالک اور مریم نواز سمیت دیگر بچوں کو بے نامی دار ثابت کرنے کا بوجھ پراسیکیوشن پر تھا، موقف یہی رہا چارج بھی غلط فریم ہوا ،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے معذرت کیساتھ چارج صحیح فریم ہوا اور نہ نیب کو پتہ تھاشواہد کیا ہیں،چیف جسٹس نے کہا نیب نے ثابت کرنے کی کوشش کی مریم نواز بینفشل اونر ہیں؟ وکیل نے جواب دیانیب نے کوشش ضرور کی مگر الزام کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

وکلا نے کہا احتساب عدالت نے نواز شریف پر کرپشن ،کرپٹ پریکٹیسز کا الزام مسترد کر دیا، نیب نے احتساب عدالت کے فیصلے کےخلاف اپیل بھی دائر نہیں کی، عدالت نے نواز شریف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر سزا سنا دی، سمجھ سے باہر ہے کرپشن کی بنیاد ختم ہو گئی لیکن عمارت پھر بھی کھڑی ہو گئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا جب کرپشن ہی نہیں تو پھر آمدن سے زائد اثاثے کیسے آ گئے؟، عوامی نمائندے کے اثاثے اگر معلوم آمدن سے زائد اثاثے ہیں تو بغیر کرپشن کے کیسے بنا سکتا ہے؟۔

اعظم نذیر تارڑ نے عدالت سے نواز شریف کو حاضری سے استثنیٰ دینے استدعا کرتے ہوئے کہا ہر پیشی پر سکیورٹی مسائل ہوتے ہیں، نواز شریف کو استثنیٰ دے دیجیے ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا آپ استثنیٰ درخواست دیں، پھر دیکھیں گے، ایسے تو ہم نہیں کہہ سکتے،بعد ازاں عدالت نے اپیلوں پر سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔