راولپنڈی،بنوں،اسلام آباد(بیورورپورٹ)بنوں میں افغان شہری کاسکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ ،2 شہری شہید ، 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق26 نومبر کو موٹرسائیکل سوار خود کش بمبارنے بنوں ضلع کے جنرل علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا،2شہری شہید ،3اہلکاروں سمیت10افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہا خود کش دھماکہ کرنےوالا افغان شہری نکلا،بمبار کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ،حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ تھا، دہشتگرد کا نام رابن ،تذکرہ نمبر 08916164 ہے، رابن 26 نومبر کو افغان شناختی کارڈ پر پاکستان میں داخل ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے،سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں ،بہادر شہریوں اور جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاشہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر شریک ہیں، زخمی سکیورٹی اہلکاروں ،شہریوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا گو ہیں،سرفرازبگٹی نے کہا زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، حملے کرنے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ،نگران وزیر داخلہ نے مزید کہاعوام فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہےں، دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے، پاک سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہادہشتگردوں کا قلع قمع کرنا قومی نصب العین ہے، دہشتگردوں کےخلاف افواج اور شہریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی،سابق وزیراعظم نے کہا 4سال کے دوران دہشت گردوں کو واپس لاکر دوبارہ آباد نہ کیا جاتا تو ملک دوبارہ عفریت کی گرفت میں نہ آتا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زر داری نے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہادہشتگردوں کے سہولت کاروں کوبھی نشانہ عبرت بنایا جائے ، سکیورٹی فورسز پر حملے کرنےوالے ملک کے دشمن ہیں
بنوں،افغان شہری کا فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ،2افراد شہید،اہلکاروں سمیت 10زخمی



















