لاہور ( ہیلتھ رپورٹر) بچوں میں بصارت کے مسائل کے تدارک کیلئے والدین کی توجہ بہت اہمیت کی حامل ہے۔ سائنس اب اتنی آگے بڑھ گئی ہے کہ ہم بہت ابتدائی مراحل میں ہی کسی بیماری یا کمزوری کو شناخت کرسکتے ہیں جبکہ پہلے وقتوں میں ایسا نہیں ہوتا تھا۔ ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی بچوں کے داخلہ کے ساتھ ہی سکریننگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بچہ جب تین یا چار سال کے عمر میں سکول جاتا ہے تو اسکی نظروں کا معائنہ والدین خود کروا کر سکول میں داخل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل کالج آف آفتھالمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز میوہسپتال پروفیسر معین کی روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ سموگ اور آلودگی کی وجہ سے بڑوں بچوں اور بزرگوں میں آنکھوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں جس کیلئے آنکھوں کا معائنہ ضروری ہے۔ آنکھ کا ذرا سا بھی کوئی مسلہ لاحق ہونے پر ڈاکٹر کے پاس جانا بہت اہم ہے لیکن ہمارے ہاں جب آنکھوں کا مسئلہ زیادہ ہوتا ہے تب ہم اپنی نظروں کے معائنہ کیلئے ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں۔ بچوں کی آنکھوں کے مسائل کے حوالے سے والدین کا باخبر اور فکر مند ہونا بہت اہم ہے۔ بچوں میں بھینگا پن لاحق ہونا ایک مسئلہ ہے جس کیلئے ضروری ہے ڈاکٹر سے جلد ی رجوع کیا جائے اور اس کی وجوہات کیا ہیں اور یہ کس عمر میں شناخت ہوجاتا ہے؟ بھینگا پن میں آنکھ یا تو زیادہ اندر کی طرف جارہی ہوتی ہے یا باہر کی طرف، کبھی یہ اوپر کی طرف بھی جاسکتی ہے۔ اسکی ایک وجہ بچے کی نظر کاکمزور ہونا بھی ہے۔ جب نظر کمزور ہو تو آنکھ بہتر دیکھنے کیلئے اندر کی طرف آنا شروع ہوجاتی ہے۔ اگر کسی کو بچپن میں سفید موتیا ہوگیا ہو اور وقت پر علاج نہ ہوا ہو توبھی آنکھ میں ٹیڑھا پن آسکتا ہے۔ اگرعلاج کی بات کی جائے تو پہلے تو کوشش کی جاتی ھے کہ گلاسز سے مسئلہ حل ہوجائے۔ اگرسفید موتیا ہے تو اسے نکالا جائے۔ بھینگے پن کی صورت میں بعض اوقات ڈاکڑ مسلز کواس طرح ایڈجسٹ کرتے ہیں کہ آنکھ سیدھی ہوجاتی ہے۔کیا بھینگے پن کے لیے آنکھ کی ورزشیں بھی کروائی جاتی ہیں ؟اگر آنکھ کے اندر کے مسلز کمزور ہوں تو بچے کو یا بڑے کو پڑھنے میں دقت پیش آتی ہے۔پڑھنے کے دوران آنکھیں اندر کی طرف آنا ہوتی ہیں جو آ نہیں پاتیں اس لیے کہ مسلز کام نہیں کررہے ہوتے۔ اس کے لیے مختلف ورزشیں ہیں جیسا کہ پنسل کوآنکھ کے قریب اور پھر دور لایا جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں پرنسپل کالج آف آفتھالمالوجی اینڈ الائیڈ ویڑن سائنسز، میو ہسپتال،لاہور پروفیسر محمد معین کا کہنا تھا کہ کیا ہر بچے کی آنکھوں کا ٹیسٹ ضرور ہونا چاہیے؟والدین نوٹ کریں کہ کیا بچے کو پہلے ٹھیک نظر آتا تھا اوراب اسے کچھ مسئلہ ہونے لگا ہے یا یہ پیدائشی نقص ہے۔پیدائشی نقص میں نومولود بچہ آپ کی طرف دیکھ نہیں رہا ہوتا ھے آپ کی مسکراہٹ کے جواب میں مسکرا نہیں رہاہوتا یا وہ رنگین لائٹس کی طرف نہیں دیکھتا۔ ایسے میں یہ پریشانی کی بات ہے۔ خاص طور پر ایسے بچے جو پورے وقت سے پہلے پیدا ہوتے ہیں اور جنہیں پیدائش کے وقت آکسیجن لگانے کی ضرورت پڑتی ہے ان میں ایک بیماری ہوتی ہے جسے ریٹنو پیتھی آف پری میچورٹی کہتے ہیں۔ اس میں بہت تیزی سے آنکھ متاثر ہوتی ہے اور آنکھ کا پردہ بصارت پھٹ جاتا ہے۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر کو ضرور دکھانا چاہیے۔ اگر آپ کے خاندان میں پہلے بھی کم عمری میں عینک لگنے کا رجحان ہو تو دو یا تین سال کی عمر میں ڈاکٹر کو ضرور دکھائیں۔ اسکے علاوہ بچہ جب سکول جانے کی عمر کا ہوجائے تو اس وقت بھی ایک دفعہ آنکھیں چیک کروالیں۔
بچوں میں بصارت کے مسائل، والدین کی توجہ اہمیت کی حامل ہے :پروفیسر معین



















