گنے کی امدادی قیمت کم از کم 500روپے مقرر کی جائے، کسان بورڈ پاکستان

فیصل آباد(اشفاق مغل)کسان بورڈپاکستان نے صوبائی حکومت کی طرف سے گنے کی 400روپے فی من امدادی قیمت مستردکرتے ہوئے کم ازکم امدادی قیمت500 روپے من کرنے کا مطالبہ کردیا۔

کسان بورڈپاکستان کے مرکزی صدر سردارظفرحسین خان نے ڈویژنل صدرمیاں ریحان الحق کے ہمراہ المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شوگرمافیانے پوری حکومت کو یرغمال بنارکھاہے۔کسانوں کا مسلسل استحصال کیا جارہاہے۔امدادی قیمت کا اعلان فی ایکڑ پیداواری لاگت کو مدنظررکھ کرکیا جاتاہے مگراس پر کوئی دھیان نہیں دیاگیا،کسان کی سارے سال کی محنت رائیگاں چلی جاتی اور شوگرمافیاہرسالاربوں پتی ہو جاتاہے۔ امدادی قیمت پانچ سو نہ کی گئی تو ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شوگرکین ایکٹ کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو پندرہ دن کے اندر مل کی طرف سے ادائیگی لازمی ہے مگر مل مالکان کی طرف ابھی تک پچھلے سال کی ادائیگیاں بھی بقایاہیں۔شوگر مل مالکان ابھی تک سی پی آر کے ذریعے ادائیگی کررہے ہیں جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، حکومت مل مالکان کو چیک کے ذریعے ادائیگی کاحکم دے تاکہ ادائیگی نہ کرنے والے مل مالکان کے خلاف کسان قانونی کارروائی کرسکیں۔

سردارظفرحسین خان نے کہاگندم کی کاشت شروع ہوتے ہی کھاد کی قیمتوں میں اضافے اور بلیک مارکیٹنگ سے پنجاب بھر میں گندم سمیت ربیع کی فصلات اور پھلوں کی کاشت کافی حد تک متاثر ہو رہی ہے۔ مارکیٹ میں جعلی بیج اور کھاد کی فروخت بھی کھلے عام ہو رہی ہے جس کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ اگر حالا ت ایسے ہی رہے تو ملک بھر میں زرعی اجناس کا بحران پیدا ہو جائے گااور معیشت مزید کمزور ہو جائے گی۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ کھاد کی مصنوعی قلت اور زائد نرخوں پر کھاد کی فروخت کی اطلاعات کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور تمام کھاد ڈیلرز کو ہدایت کی جائے کہ وہ چور بازاری، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری، کھادوں کی مصنوعی قلت سے باز رہیں۔کسانوں استحصال کرنے والے تمام ڈیلرزکا سٹاک قبضہ سرکار میں لے کرموقع پر ہی سرکاری نرخوں پر فروخت سمیت ان کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندارج کیاجائے۔