لاہور (ہیلتھ رپورٹر) لاہور جنرل ہسپتال میں چار ماہ قبل سرگودھا سے انتہائی تشویشناک حالت میں منتقل کی جانیوالی گھریلو تشدد کا شکار 15سالہ رضوانہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئی ، متاثرہ بچی کو نامور فزیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کے طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائیگا۔
متاثرہ کے علاج معالجے اور بحالی میں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے خصوصی دلچسپی لی اور پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر سے مسلسل رابطے میں رہے جنہیں ہسپتال انتظامیہ نے بچی کی صحت کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم بھی بطور فزیشن گاہے بگاہے رضوانہ کا معائنہ کرتے رہے اور اپنی ماہرانہ رائے سے ڈاکٹرز کی علاج معالجے میں رہنمائی کی ۔
ہسپتال انتظامیہ ،ڈاکٹرزاورنرسز نے علاج معالجے اور نگہداشت میں 120دن تندہی کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھائےں ،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ڈاکٹرز کی دن رات مہارت سے بالآخر 4ماہ بعد بچی اپنے پاو¿ں پر کھڑے ہونے کے قابل ہو گئی ، سونیا اپنی چھوٹی بہن رضوانہ کو بغیر سہارے چلتا دیکھ کر خوشی سے نہال دکھائی دی ۔
بچی کے بہترین علاج معالجے اور مسلسل دیکھ بھال سے ایک مرتبہ پھر زندگی کی طرف لوٹ آنے پر گھریلو تشدد کا شکار 15سالہ رضوانہ کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور جنرل ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھولیاں بھر بھر کر وزیر اعلیٰ پنجاب اور ہسپتال انتظامیہ کو دعائیں دے رہے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کہاہیلتھ پروفیشنلز مبارکباد کے مستحق ہیں اور مستقبل میں بھی مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
گھریلو تشدد کا شکار15 سالہ رضوانہ4 ماہ بعد صحت یاب



















