اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس پر بہترین موقف پیش کرنے کیلئے ادارے بھرپور تیاری کریں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت 28 ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز پر بین الوزارتی جائزہ اجلاس ہوا ،انوار الحق کاکڑ نے کہا موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے،وزیراعظم نے کہاگزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی، پاکستان کے تمام ادارے تباہ کن سیلاب کے بعد بہترین انداز میں تعمیر نو کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔
دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبر پختونخوا میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور دہشتگردی کےخلاف جنگ کے شہدا کے خاندانوں کی بہبود پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی، وزیر اعظم نے ہدایت کی خیبر پختونخوا کو ہائیڈل منصوبوں پر تمام تر بقایا جات کی ادائیگی فوری یقینی بنائی جائے،وفاق کی ذمہ داری ہے تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے،وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاملک میں آبی ذخائر ،پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے،پانی کے وسیع وسائل کا استعمال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہابہتر آبپاشی ،کم لاگت و ماحول دوست بجلی بنانے کیلئے جاری منصوبوں پر کام میں کسی قسم کا تعطل نہ برتا جائے،دہشتگردی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کے خاندان قوم کے محسن ہیں، بہبود کےلئے مختص رقم کی ادائیگی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید برآںنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرپرسن اور اخوت فاو¿نڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب اور دنیا فاو¿نڈیشن کے چیف ایگزیکٹو افسرمیاں عامر محمود نے ملاقات کی ،وزیر اعظم نے کہااڈاپٹ اے فیملی پروگرام میں غربت کے خاتمے کےلئے مو¿ثر متبادل حکمت عملی ہونے کی بھرپور استعداد ہے،لوگوں میں سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر آگاہی و شعور پیدا کرنا انتہائی اہم ہے،سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کےلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا وسیع ڈیٹا بیس انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
کوپ 28 میں بہتر موقف کیلئے ادارے بھرپور تیاری کریں:وزیر اعظم
















