شہید سرکاری ملازمین کے لواحقین کےلئے پولیس شہدا کے برابر امدادی پیکیج منظور

لاہور (خبر نگار)کسی بھی سرکاری محکمے کے ڈیوٹی کے دوران شہید ہونےوالے افسر یا ملازم کے لواحقین کو پولیس شہدا پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دیاجائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرکاری محکمو ںکے شہیدہونےوالے ملازمین کے لواحقین کےلئے پولیس شہدا پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دینے کی اصولی منظوری دے دی۔

زخمی سرکاری ملازم کو بھی پولیس پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دیا جائے گا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دےنے کی ہدایت کردی ،محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا13واں اجلاس ہوا ،دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ایکسائز انسپکٹر رفیع کے لواحقین اور زخمی انسپکٹر ثنا بھٹی کےلئے مالی امداد کا کیس پیش کیاگیا،وزیراعلیٰ نے مالی امداد کے کیس پر فوری نظر ثانی کا حکم دیا اور امدادی پیکیج کو پولیس شہدا پیکیج کے برابر کرنے کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا محسن نقوی نے زیر تعمیربند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورپراجیکٹ کا دورہ کیا ،محسن نقوی نے کہا تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے اور مقررہ مدت میں کام کو مکمل کیا جائے،پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی،

مزید برآںوزیر اعلیٰ پنجاب علی الصبح کیولری انڈرپاس گئے،کام کاجائز ہ لیا،محسن نقوی نے کہا انڈرپاس کھلنے سے شہریوں کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔

علاوہ ازیںمحسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی،محسن نقوی نے 6ویں مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے پر آسٹریلوی ہائی کمشنر اور عوام کو مبارکباد دی، آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہامحسن نقوی مستعد ،متحرک وزیر اعلیٰ ہیں، میڈیا پر دن رات کام کرتے نظر آتے ہیں،لاہور چڑیاگھر، سفاری پارک اور باغات کی اپ گریڈیشن خوش آئند ہے، پنجاب کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاسموگ سے نمٹنے کےلئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں، شہریوں کےلئے ماسک لازمی قراردےدیا ،دوست ملکوں کے تعاون سے سموگ سے نمٹنے کےلئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کررہے ہیں۔