اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کر دی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ایڈووکیٹ مخدوم علی خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ کونسل نے میرے اعترضات طے کئے بغیر آئندہ کارروائی کا نوٹس بھیجا، سپریم جوڈیشل کونسل نے 27 اکتوبر کو پریس ریلیز جاری کر کے میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ ظاہر کئے گئے اثاثے جج کیخلاف کارروائی کی بنیاد نہیں بن سکتے، ٹیکس حکام کی جانب سے اثاثوں پر کبھی کوئی نوٹس نہیں آیا، میرے خلاف شروع کی گئی مہم عدلیہ پر حملہ ہے۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا آئندہ کارروائی کے لیے موصول نوٹس بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔
دوسری جانب سپریم جوڈیشل کونسل کے روبرو جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی۔ سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے نام پر لاہور میں دو جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، گلبرگ تھری لاہور میں پلاٹ نمبر 144 بلاک ایف ون کا مکمل ریکارڈ مانگا گیا، لاہور کینٹ میں پلاٹ نمبر 100 سینٹ جانز پارک کا بھی مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کر دی
















