تاریخی غزہ مارچ،مسلم حکمرانوں کاکردار میر جعفرمیر صادق والا ہے،سراج الحق

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ معاملے پر مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق والا ہے، اسرائیلی ظلم پر نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت خاموش، امریکہ کے خوف سے فلسطین کا نام نہیں لیتے، بلوچستان ، سندھ کو فتح کرنے کے دعوے ہورہے ہیں، حکمران اپنے عوام اور شہروں کو ہی زیر کرسکتے ہیں، ظالم کےخلاف بولنے کی جرات نہیں، قوم عہد کرے آئندہ انتخابات میں امریکی ایجنٹوں کو پاکستان فتح نہیں کرنے دیں گے، استعمار جماعت اسلامی سے خائف، ہر صورت راستہ روکنا چاہتا ہے، قوم حقیقی تبدیلی، فلسطین و کشمیر کی آزادی اور ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی قائم کرنے کےلئے الیکشن میں جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے لاہور میں ہونے والے غزہ مارچ میں بچوں و خواتین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، مارچ میں مختلف سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی، وحدت المسلمین کے کارکن بھی شریک رہے،اس موقع پر کچھ خواتین نے اپنی سونے کی بالیاں اتار کر فلسطین فنڈ میں دیدیں۔

سراج الحق نے اسرائیلی سفاکیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا اگر معصوم بچوں، خواتین کے قتل عام پر اہل فلسطین کی مدد نہیں کرسکتے تو کم از کم عوام کےلئے ہی راستہ کھول دیں، امت کا ہر فرد اور وہ خود سب سے آگے بڑھ کر بہنوں، بیٹیوں کے محافظ بنیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا اہل فلسطین کی مدد کےلئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کے مقصد کے تحت ایران، ترکی ، قطر کا دورہ کیا، دوحہ میں پتہ چلا کئی ممالک کے سفارتکار اظہار یکجہتی کےلئے حماس کی قیادت سے ملے مگر پاکستانی سفیر کو جرا¿ت نہیں ہوئی، او آئی سی سربراہی کانفرنس میں غزہ کی مدد کےلئے عملی اقدامات کے اعلان سے گریز کیا گیا، مردہ قسم کا اعلامیہ جاری ہوا جس کا اسرائیل، امریکہ نے کوئی اثر نہیں لیا، لاکھوں کا اجتماع دشمن کےلئے موت کا پیغام ہے۔

سراج الحق نے کہا70 سال میں فلسطینیوں نے ایک لمحے کےلئے دشمن کا قبضہ قبول نہیں کیا، بچوں نے گولی کھاکر ٹینکوں کا مقابلہ کیا، 44روز سے قتل غارت جاری ہے، قیامت برپا ہے، اسرائیلی بمباری میں فلسطینی بچوں کے ہاتھ پاوں اڑگئے،جب ہوش میں آتے ہیں تو اپنی ماوں سے پوچھتے ہیں ہاتھ پیر کہاں گئے، مسلمان بھائی مدد کو کب آئیں گے؟ پاکستان اور ایران کی فوج کب آئے گی، مسلمان حکمران اپنے رب کو مظلوموں کی صداوں کا کیا جواب دیں گے؟ ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر اور میر صادق کا ہے، مسلم دنیا کے مسائل تب تک حل نہیں ہو سکتے جب تک مسلم حکمران ملکر جہاد کا راستہ اختیار نہیں کرتے، بھارت پر خوف طاری ہے اسرائیل کے جدید اسلحے اور ٹیکنالوجی کے باجود اگر غزہ کے عوام کامیاب ہوگئے تو کل کشمیر کے عوام بھی شکست فاش دیدیں گے۔

سراج الحق نے کہاآصف زرداری ،نواز شریف غزہ پر خاموش ہیں، نوازشریف، آصف زرداری کا ایجنڈا ذاتی مفاد ، خاندان ہے، دونوںکے ہوتے ہوئے 100 سال بھی عوام ترقی نہیں کرسکتے،میرا ایجنڈا پاکستان کا مفاد، کشمیر و فلسطین کی آزادی، ڈاکٹر عافیہ کی واپسی ،سودی نظام کا خاتمہ، عدل و انصاف کا قیام ہے، وقت آئیگا جب پاکستان سے غزہ جانے والے لشکر کی قیادت کروں گا، دن دور نہیں جب غزہ کے راستے کھلیں گے اور عوامی لشکر غزہ کے مجاہدین کے ساتھ ہوں گے، پاکستانی عوام کی قیادت میں خود کروں گا، امریکہ چاہتا ہے کسی قیمت پر جماعت اسلامی کی حکومت نہ بنے، عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں ملک میں امریکی حکمرانی چاہتے ہیں یا حقیقی آزادی؟ اگر پاکستانی عوام چاہتے ہیں کشمیر و فلسطین آزاد ہو، بےروزگاری و کرپشن ختم ہو، تعلیم و ترقی کا دور دورہ ہو تو نااہل و کرپٹ حکمرانوں کو ہٹا کر اہل اور ایمان دار قیادت کو موقع دیں، مسلمان اپنے اپنے ملک میں اچھی قیادت لائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا طوفان الاقصیٰ کے بعد دنیا بدل گئی، واضح تفریق ہو گئی کون ظالم کا ساتھ دے رہا ہے اور کس کی مظلوم کو حمایت حاصل ہے، انسانیت سے ہمدردی رکھنے والوں نے پوری دنیا میں مظاہرے کئے، فرانسیسی عوام نے حکومت کا بیانیہ تبدیل کرا دیا، کینیڈا کے وزیراعظم کا محاصرہ کیا گیا، واشنگٹن ،لندن میں اہل فلسطین کے حق میں لاکھوں کے اجتماع ہوئے، سب کو سلام پیش کرتا ہوں،لاہور کے غزہ مارچ نے دشمنوں پر کپکپی طاری کردی۔ صوبائی دارالحکومت کی تاریخ کا فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے، جذبے کو شکست نہیں دی جا سکتی، فلسطینی سرخرو ہوں گے، شرکا سے اپیل کرتا ہوں فلسطینیوں کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، آپکا ہر قدم جہاد فی سبیل اللہ ہے، اہل فلسطین کو یقین دلائیں وہ تنہا نہیں، پاکستان کا بچہ بچہ مسجد اقصیٰ کے تحفظ کےلئے خون کا آخری قطرہ بھی بہانے کو تیار ہے۔

قبل ازیں امیر جماعت فلسطین کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری کے ہمراہ پنڈال پہنچے تو غزہ سے اظہار یکجہتی کے نعروں سے گونج اٹھا، شرکا نے فلسطینی پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، مارچ سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ و سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔ فلسطینی رہنما ڈاکٹر نواف تکروری نے کہا اہل غزہ کی قربانیوں سے پوری دنیا سے بیدار ہوگئی، اسرائیل کو شدید ہزیمت اٹھانا پڑی، خوش خبری دیتا ہوں فلسطینی مجاہدین کی عسکری قوت محفوظ اور شوق شہادت سے سرشار ہیں، القدس آزاد ہو گا، نتیجے میں پوری امت سرفراز ہوگی، جلد مسجد اقصیٰ اور آزاد فلسطین میں اہل پاکستان کا استقبال کریں گے، اہل غزہ کی حمایت پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔